بی جے پی کی زہر افشانیوں کا جواب دینے ’ تری مورتی ‘ میدان میں

,

   

راست مقابلہ میں شکست سے دوچار کرنے ٹی آر ایس کی حکمت عملی۔بی جے پی کا ہر روز نیا مخالف مسلم نعرہ

حیدرآباد۔ شہر میں انتخابی سرگرمیوں کے عروج پر پہنچنے کے ساتھ ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ بی جے پی ہر دن ایک نئے مخالف مسلم نعرہ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور اپنے سوائے تمام جماعتوں بالخصوص ٹی آر ایس کو بھی مخالف ہندو ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بی جے پی کی ان سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے ٹی آر ایس کے تری مورتی میدان میں اُتر گئے ہیں۔ کے ٹی آر کے علاوہ اب کویتا اور ہریش راؤ نے بھی مورچہ سنبھال لیا ہے چونکہ بلدی چناؤ میں ٹی آر ایس کا راست مقابلہ بی جے پی سے ہے اور ٹی آر ایس نئے عزائم کے ساتھ نئے شہر کے علاوہ پرانے شہر میں بھی سرگرم ہوگئی ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ بی جے پی اکثریتی رائے دہندوں کو ورغلانے روہنگیائی مسلمانوں کے علاوہ این آر سی اور سی اے اے کا نعرہ بلند کیا ہے جبکہ یہی رائے دہندوں سے کہا گیا تھا کہ این آر سی اور سی اے اے کے بعد جن مسلمانوں کو ملک سے بھگایا جائے گا ان کی جائیدادیں، گھر اور زمین بے گھر ہندوؤں میں تقسیم کی جائیں گی

اور حیدرآباد میں مسلمان ایک اچھی حالت میں ہیں ساتھ ہی سی اے اے، این آر سی کی مخالفت کرنے والے کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف بھی زہر افشانی کی جارہی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے ان جوابی حملوں اور پالیسیوں کے درمیان عوامی رجحانات میں بھی کافی تبدیلی پیدا ہوگئی ہے۔ شہر کی شناخت اور سالمیت کے علاوہ علاقوں کی ترقی پر رائے دہندے اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور ان میں برسراقتدار جماعت کے کارپوریٹرس کو منتخب کرنے کا رجحان پایا جاتا ہے۔ پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں عوام نے ایسی رائے ظاہرکی اور بتایا کہ ٹی آر ایس کارپوریٹرس کو کامیاب کرنے سے ترقی جلد ممکن ہوگی چونکہ کارپوریٹرس کا راست تعلق حکومت سے رہے گا جبکہ دیگر جماعتوں کے نمائندوں کا انتخاب کرنے سے اس کارپوریٹر کیلئے اپنے کام کروانے میں مشکل ہوگی اور ایک دوسرے کے وسیلہ سے کام اور ترقی میں تاخیر ہوجائے گی۔ ٹی آر ایس قائدین عوام کے ان رجحانات کو محسوس کرکے اسی لحاظ سے آگے بڑھ رہے ہیں اور بی جے پی کو روکنے کویتا اور ہریش راؤ نے خصوصی حکمت عملی کے تحت حیدرآباد میں اپنے کیڈر کو متحرک کردیا ہے اور ترقی کے نعرہ کے ساتھ بی جے پی کے اصل چہرہ کو عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کرلیا ہے ساتھ ہی پرانے شہر میں ترقی کی راہ ہموار کرنے سرگرم رول ادا کیا جارہا ہے۔ بی جے پی کے بڑھتے قدم سے پریشان تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے فرقہ پرستی کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے خوشحال حیدرآباد کو برقرار رکھنے شہریوں کو ساتھ رکھتے ہوئے بی جے پی کو شکست دینے سخت اقدامات انجام دے رہی ہے۔