دیوریا 3جون(سیاست ڈاٹ کام)سماج وادی پارٹی(ایس پی)نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی اپنی ساکھ بچانے کیلئے ورچوئل ریلی کے ذریعہ لوگوں کو سبز باغ دکھا رہی ہے۔ ایس پی قومی جنرل سکریٹری اماشنکر راج بھر نے آج یہاں جاری بیان میں کہا کہ بی جے پی حکومت سے ملک کے عوام کے ساتھ اس کے حامی بھی ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بغیر تیاری کے عالمی وبا سے بچاو کے لئے نافذ لاک ڈاؤن میں ملک کے مزدور تباہ ہوگئے ہیں۔ملک کی معیشت چوپٹ ہوگئی۔بی جے پی بیک فٹ پر آتی ہوئی نظر آرہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا سے سبق نہ لے کر بی جے پی حکومت نے نوٹ بندی کی طرح کووڈ-19 کورونا جنگ میں بھی بغیر تیاری کے لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔ راج بھر نے کہا کہ جب ملک میں کورونا کے تقریباً پانچ سو مریض تھے تو ملک میں پھنسے طلباء، سیاح۔عقیدت مند اور مزدوروں کو ان کے ٹھکانوں پر نہیں بھیجا گیا۔صنعتکاروں اور مکان مالکان نے وزیر اعظم کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے پھنسے ہوئے لوگوں کو ترجیح نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ نمستے ٹرمپ گجرات، ممبئی،دہلی کورونا پھیلا رہا تھا،تو بی جے پی مدھیہ پردیش میں غیر اخلاقی طریقہ سے حکومت بنا رہی تھی۔