بی جے پی کی ’پھوٹ ڈالو، راج کرو‘ پالیسی کیخلاف آج امن مارچ

,

   

مہاتما گاندھی کے 154ویں یوم پیدائش پر اپوزیشن اتحاد انڈیا کا اعلان
ممبئی : برسراقتدار بی جے پی کے ذریعہ ملک میں اپنائی جا رہی ’پھوٹ ڈالو اور راج کرو‘ کی پالیسی سے فکرمند اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ مہاتما گاندھی کی 154ویں سالگرہ یعنی 2 اکتوبر کو ممبئی میں ’میں بھی گاندھی‘ امن مارچ نکالے گا۔ ممبئی کانگریس صدر پروفیسر ورشا گائیکواڈ سمیت انڈیا اتحاد کے سرکردہ لیڈران نے ایک پریس کانفرنس میں اس بات کا اعلان کیا اور کہا کہ ممبئی کے ساتھ ساتھ باقی مہاراشٹرا میں بھی نفرت کے واقعات لگاتار ہو رہے ہیں جو تشویش کا باعث ہیں۔میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ورشا گائیکواڈ نے کہا کہ نفرت انگیز واقعات کی مذمت کرتے ہوئے سماج میں خیر سگالی پیدا کرنے کی بھی سخت ضرورت ہے۔ انڈیا اتحاد 2 اکتوبر کو پیدل مارچ کے ذریعہ سے لوگوں کے درمیان گاندھی جی کی محبت، امن اور خیر سگالی کی تعلیمات کو عام کرے گا۔ ورشا گائیکواڈ بی جے پی کے دوہرے پن کی مذمت کی اور کہا کہ جب وزیر اعظم نریندر مودی بیرون ممالک جاتے ہیں تو وہ مہاتما گاندھی اور گوتم بدھ کے مجسمہ کے سامنے جھکتے ہیں لیکن گھر واپس آ کر اپنے ان مریدوں کو کچھ نہیں کہتے جو گاندھی جی کے قاتلوں کی تعریف کرتے ہیں، قومی پرچم اور قومی ترانہ کی بے عزتی کرتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ریاستی حکومت ان لوگوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کر رہی ہے؟اس پریس کانفرنس میں سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر اور رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی اور انڈیا اتحاد کے کئی دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔انڈیا اتحاد کے لیڈران نے کہا کہ گاندھی جی اور سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کی جینتی کے موقع پر پیر کے روز دوپہر میٹرو سنیما سے منترالے تک ’میں بھی گاندھی‘ پیدل مارچ میں ہزاروں لوگوں کے شامل ہونے کی امید ہے۔ پیدل مارچ میں تشار گاندھی، ڈاکٹر جی جی پاریکھ، فیروز میٹھی بوروالا، گڈی ایس ایل، رام پنیانی، عرفان انجینئر، سندھیا گوکھلے، نرنجنی شیٹی، پریرنا دیسائی، علی بھوجانی جیسے گاندھی وادی اور سیکولر شخصیات شامل ہوں گی۔