کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس سے سابق پارٹی صدر سونیا گاندھی کا خطاب
حیدرآباد 16 ستمبر ( سیاست نیوز ) سابق کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج کہا کہ کانگریس کا انڈیا اتحاد کے ساتھ مل کر بی جے پی کے خلاف مقابلہ کرنا ضروری ہے ۔ سونیا گاندھی حیدرآباد میں نو تشکیل شدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے ورکنگ کمیٹی ارکان پر زور دیا کہ ملک کے موجودہ حالات میں کانگریس پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ اس کیلئے یہ ضروری ہے کہ 28 جماعتوں پر مشتمل اپوزیشن اتحاد ’ انڈیا ‘ کے ساتھ مل کر بی جے پی کے خلاف مقابلہ کیا جائے ۔ واضح رہے کہ سونیا گاندھی نے یہ ریمارک ایسے وقت میں کئے ہیں جبکہ چند دن قبل ہی انڈیا اتحاد کی رابطہ کمیٹی کا پہلا اجلاس این سی پی سربراہ شرد پوار کی قیامگاہ پر منعقد ہوا تھا ۔ متحدہ مقابلہ سے متعلق سونیا گاندھی کے ریمارکس اس لئے اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ کچھ گوشوں کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ اس اتحاد کیلئے جہاں کچھ ریاستوں میں حلیف جماعتوں کے ساتھ نشستوں کی تقسیم پر مفاہمت سہل اور آسان ہوگی وہیں مغربی بنگال ‘ دہلی اور پنجاب میں نشستوں کی تقسیم پر مفاہمت مشکل ہوگی ۔ بی جے پی اور اس کی حلیفوں کی جانب سے بھی یہ دعوے کئے جا رہے ہیں کہ انڈیا اتحاد میں نشستوں کی تقسیم پر اختلافات ہوسکتے ہیں۔ ایسے میں سونیا گاندھی نے پارٹی قائدین پر واضح کردیا کہ کانگریس کیلئے انڈیا اتحاد کے ساتھ مل کر مقابلہ کرنا ضروری ہے ۔