ٹی آر ایس سے سوشیل میڈیا فوج تیار کرنے کی تجویز ، کے ٹی آر کی رفقاء کے ساتھ مشاورت
حیدرآباد۔12جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی سوشل میڈیا پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے پروپگنڈہ کا جواب دینے کے لئے اپنی سوشل میڈیا فوج تیار کرنے پر غور کر رہی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے سوشل میڈیا کے ذریعہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کو نشانہ بنائے جانے کا بغور جائزہ لیتے ہوئے اس پروپگنڈہ کا جواب دینے کے لئے اپنے کارکنوں کو تربیت فراہم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ حالیہ عرصہ میں اپنے کارکنوں کو سوشل میڈیا پر اثر انداز ہونے اور بی جے پی کے پروپگنڈہ کو رد کرتے ہوئے حقائق پیش کرنے کی متعدد مرتبہ ہدایت دے چکے ہیں لیکن اس کے باوجود تلنگانہ راشٹر سمیتی سوشل میڈیا پر اثر انداز ہونے میں کامیاب نہیں ہورہی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ کارگذار صدر ٹی آر ایس مسٹر کے ٹی راما راؤ جو کہ سوشل میڈیا پر کافی سرگرم ہیں وہ اپنے رفقاء سے اس سلسلہ میں مشاورت کر رہے ہیں کہ پارٹی کارکنوں کو سوشل میڈیا کے استعمال کی تربیت فراہم کی جائے اور انہیں منفی پروپگنڈہ کا جواب دینے کا اہل بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے سوشل میڈیا پر چلائے جانے والے منفی پروپگنڈہ کا جواب دینے کیلئے باضابطہ تربیتی کلاسس کے انعقاد پر غور کیا جا رہاہے اور اس سلسلہ میں ٹی آر ایس کے دیگر سیل کی طرح انفارمیشن ٹکنالوجی سیل کی نگرانی میں علحدہ سوشل میڈیا سیل شروع کئے جانے پر بھی غور کیا جانے لگا ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کو حاصل عوامی تائید کو برقرار رکھنے کیلئے تلنگانہ راشٹرسمیتی کی جانب سے ہر محاذ پر کی جانے والی کوششو ں میں یہ بھی ایک اہم حکمت عملی تصور کی جا رہی ہے کیونکہ حالیہ عرصہ کے دوران قومی و ریاستی سیاست پر سوشل میڈیا کے گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں اور ان اثرات سے کوئی بھی سیاسی جماعت خود کو محفوظ تصور نہیں کر رہی ہے اور اپنی پارٹی کے سوشل میڈیا سیل کے آغاز کے سلسلہ میں اقدامات میں مصروف ہے۔ حکومت تلنگانہ کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کے سوشل میڈیا پر جاری تبصروں پر رد عمل ظاہر کرنے اور مباحث میں حصہ لینے کے لئے نوجوانوں کو تیار کرنے کی ضرورت کو محسوس کیا جانے لگا ہے اور کہا جار ہاہے کہ ٹی آر ایس کی رکنیت سازی مہم اور تنظیم سازی کے عمل کے تکمیل کے ساتھ ہی تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے باضابطہ سوشل میڈیا کے استعمال کی تربیت کے سلسلہ میں کلاسس کاماہرین کی نگرانی میں انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔