تلنگانہ بی سی قائدین کا اجلاس، وی ہنمنت راؤ اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔/25 اپریل، ( سیاست نیوز) کانگریس کے پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے قائدین کا اجلاس آج اندرا بھون میں منعقد ہوا۔ سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، نائب صدر جی نرنجن، لکشمن یادو، راج ٹھاکرے، نگیش مدیراج، این سریکانت، سنیتا راؤ، سائی کمار، ایس سریکانت اور دوسروں نے شرکت کی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کانگریس قائد راہول گاندھی نے بی سی طبقات کی مردم شماری کا مطالبہ کیا ہے جو قابل خیرمقدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی خود کو او بی سی قرار دیتے ہیں لیکن انہوں نے او بی سی طبقات کی بھلائی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ بی سی طبقات کی مردم شماری کے نتیجہ میں تحفظات میں اضافہ کا امکان ہے۔ آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم جیسے اداروں میں او بی سی طبقات کو تحفظات فراہم کرنے کیلئے بارہا نمائندگی کی گئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس مطالبہ پر کوئی توجہ نہیں دی۔ کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے وزیر اعظم کو مکتوب روانہ کیا۔ر