محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کیساتھ صدرنشین جی نرنجن کا اجلاس ، مارچ تک تفصیلات پیش کرنے کا تیقن
حیدرآباد :4فبروری ( سیاست نیوز)تلنگانہ بی سی کمیشن کا اجلاس صدرنشین جی نرنجن کی صدارت میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں ریاست کے تمام تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کی ذات پات پر مبنی تفصیلات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ کمیشن کے ارکان آر جئے پرکاش ، ٹی سریندر ، شریمتی بالا لکشمی اور ممبر سکریٹری شریمتی بالا مایا دیوی آئی اے ایس نے شرکت کی ۔ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن ڈاکٹر نوین نکولاس ، سکریٹری کونسل ہائر ایجوکیشن پروفیسر سری رام وینکٹیش ، رجسٹرار کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی ، کے ناگرجنا ریڈی اور سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کرشنا آدتیہ نے شرکت کی ۔ اجلاس میں کمیشن کو تعلیمی اداروں کے طلبہ کے ذات پات سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ صدرنشین نے طلبہ کی تفصیلات کی فراہمی میں تاخیر پر ناراضگی جتائی اور کہا کہ بی سی کمیشن سماجی انصاف کو یقینی بنانے کیلئے یہ اقدام کررہا ہے ۔ انہوں نے تعلیم سے متعلق تمام محکمہ جات کو تفصیلات جلد فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ تفصیلات کی بنیاد پر پسماندہ طبقات کے طلبہ کو مختلف زمرے جات کے تحت تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں تعاون کو یقینی بنایا جائے گا ۔ عہدیداروں نے طلبہ کی تفصیلات مارچ تک فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔ سکریٹری کونسل فار ہائر ایجوکیشن نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں داخلہ کے موقع پر طلبہ کے ذات پات سے متعلق تفصیلات حاصل کی جائیں گی ۔ 1