حیدرآباد۔جواہر لعل نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی نے سال آخر امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے اور بی ٹیک سال آخر کے امتحانات آن لائن ہونگے جو 20تا24مئی منعقد کئے جائیں گے۔ یونیورسٹی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ کمپیوٹر‘ لیاپ ٹاپ‘ ٹیاب اور اسمارٹ فون کے ذریعہ ان امتحانات میں شرکت کی گنجائش رہے گی اور جن طلبہ کو یہ سہولتیں نہیں ہیں وہ دو یوم قبل یونیورسٹی سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ طلبہ کو امتحانات میں ویڈیو کال پر شرکت کرنی ہوگی اور سادہ کاغذ پر وہ اپنے جوابات تحریر کرسکتے ہیں ۔ کہا گیا ہے کہ جوابی بیاضات کے حصول کیلئے یونیورسٹی یا کالجس کو جانا نہ پڑے اسی لئے یونیورسٹی ذمہ داروں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔امتحانات کے دوران کسی قسم کی نقل نویسی نہ ہواس کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں اور ہر 10 تا15 طلبہ کی نگرانی کیلئے ایک ممتحن کا تقرر کیا جائے گا اور طلبہ کو اس سلسلہ میں 10یوم قبل مطلع کرنے کے علاوہ انہیں امتحان تحریر کرنے کیلئے 2گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔