بی ٹیک سمیت تمام اعلیٰ کورسیس کیلئے پرانی فیس رہے گی ؟

   

آج کل میں ایپسیٹ داخلوں کا شیڈول جاری کرنے ہائیر ایجوکیشن کونسل کی تیاری

حیدرآباد۔ 24 جون (سیاست نیوز) ریاست میں تعلیمی سال 2025-26ء میں انجینئرنگ کے بشمول تمام اعلیٰ تعلیمی کورسیس کیلئے پرانی فیس ہی لاگو رہے گی۔ ایپسیٹ سمیت لا سیٹ ،آئی سیٹ، ایڈسیٹ، پی جی ای سیٹ، پی ای سیٹ کی کونسلنگ کیلئے گزشتہ سال کی فیس وصول کی جائے گی۔ ہائیر ایجوکیشن کونسل کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ بی ٹیک، بی فارمیسی، ایم ٹیک، ایم فارمیسی، ایل ایل بی، ایل ایل ایم، بی ای ڈی، ایم بی اے، ایم سی اے، بی پی ای ڈی، ڈی پی ای ڈی اور دیگر کورسیس میں داخلوں کیلئے پرانی فیس ہی لاگو رہے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انجینئرنگ فیسوں میں زبردست اضافہ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور فیس کو قطعی شکل دینے سے قبل تمام زاویوں کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔ اسی مناسبت سے دیگر ریاستوں میں فیس پالیسی کا مطالعہ کرنے کیلئے ایک کمیٹی مقرر کی گئی۔ فوری اس مسئلہ کے حل کا تو کوئی امکان نظر نہیں آرہا ہے، اس لئے ہائیر ایجوکیشن کونسل کے حکام داخلہ کونسلنگ میں تاخیر کرنے کے بجائے پرانی فیس (انجینئرنگ میں زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ 65 ہزار روپئے) کے مطابق ایپسیٹ کونسلنگ شروع کرنے کی تیاری کررہے ہیں اور ایک دو دن میں کونسلنگ کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پولی ٹیکنک ڈپلومہ مکمل کرنے والے طلبہ ای سیٹ کے ذریعہ دوسرے سال کے بی ٹیک اور بی فارمیسی کورسیس میں براہ راست داخلہ لیں گے۔ اس کی کونسلنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ پہلے مرحلے کی کونسلنگ کا عمل اور نشستوں کے الاٹمنٹ اس ماہ کے اواخر تک مکمل کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔2