بے شرم رنگ ،دیپیکا کے لباس سے نیا تنازعہ

   

بھوپال۔ شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کی آنے والی بالی ووڈ فلم پٹھان کو مدھیہ پردیش میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ حکمران اور اپوزیشن دونوں نے فلم میں اداکارہ کے بھگوا لباس پر اعتراض کیا ہے۔ فلم کی تشہیرکا جواب دیتے ہوئے، ریاست کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے فلم میں ملبوسات اور مناظر کو فحش اور قابل مذمت قرار دیا۔ اسے درست کیا جائے ورنہ ریاستی حکومت فلم کی نمائش کا فیصلہ لینے پر مجبور ہوگی۔ بیشرم رنگ کے گانے میں دیپیکا پڈوکون کے زعفرانی لباس پر اعتراض اٹھایا گیا ہے۔ منگل کو ریلیز ہونے والا یہ گانا سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ اس تنازعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ریاست کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے کہا کہ اداکارہ دیپیکا پڈوکون کا لباس انتہائی قابل اعتراض ہے اور گانا گندی ذہنیت کے ساتھ شوٹ کیا گیا ہے۔ گانے کے مناظر اور ملبوسات کو تبدیل کیا جائے ورنہ ہمیں فیصلہ کرنا پڑے گا۔ قابل ذکر ہے کہ مدھیہ پردیش اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرگووند سنگھ نے بھی گانے میں ملبوسات پر اپنا غصہ ظاہرکیا ہے۔ سنگھ نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گانے کے مناظر اور ملبوسات انتہائی قابل اعتراض ہیں۔ ہندوستانی ثقافت میں ایسی چیزیں قابل قبول نہیں ہیں۔