بے قاعدہ نمبرپلیٹس کے خلاف سائبرآباد ٹریفک پولیس کی کارروائی خصوصی ڈرائیو کے دوران 2,039 کیسیس درج

   

حیدرآباد ۔22 ڈسمبر (سیاست نیوز) گاڑیوں کے نمبر پلیٹس پر ہلکا سنہری رنگ، باس کے طور پر 8055 لکھنا، کوٹس اور محاورے۔ ان میں کسی کی بھی گاڑی کے رجسٹریشن پلیٹ پر اجازت نہیں ہے اور سائبرآباد ٹریفک پولیس نے اس طرح تمام خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گذشتہ ہفتہ کے دن سے چہارشنبہ تک پانچ دنوں میں سائبرآباد ٹریفک پولیس نے بے قاعدہ نمبر پلیٹس کے خلاف خصوصی مہم میں 2,039 کیسیس بک کئے جس میں 11 کریمنل کیسیس شامل ہیں۔ پانچ دن کی اس مہم کے دوران یہ دیکھا گیا کہ کئی گاڑیاں مناسب نمبر پلیٹس کے بغیر سڑکوں پر چلائی جارہی ہیں۔ نیز بعض موٹر گاڑیوں کا استعمال کرنے والے نمبر پلیٹس میں دھاندلی کررہے ہیں تاکہ خلاف ورزی پر جرمانوں اور سرویلنس کیمروں سے بھی بچا جاسکے۔ ڈی سی پی (ٹریفک)، سائبر آباد ایس ایم وجئے کمار نے کہا کہ ’’ہر گاڑی میں ہمیشہ مناسب نمبرپلیٹ ہونا چاہئے اور اس میں کوئی جوڑ نہیں کیا جانا چاہئے۔ غیرمجاز کلرس، غیرمجاز فانٹس اینڈ اسٹائیلس کا استعمال، اضافی تحریریں اور ٹوٹے ہوئے پلیٹس پر موٹر وہیکل ایکٹ کے مطابق جرمانے عائد ہوں گے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ نمبر پلیٹس میں کسی دھاندلی کے نتیجہ میں دھوکہ دہی، جعلسازی کے فوجداری مقدمات درج ہوں گے۔ سائبرآباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے خواہش کی کہ ان کے گاڑیوں کے نمبر پلیٹس پر نظر رکھیں اور اگر ان میں کوئی خامی دیکھیں تو فوری اسے درست کریں۔