’’تارکینِ وطن کیخلاف جلد ہی چھاپے مارے جائیں گے‘‘

   

واشنگٹن۔ 6 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ملک میں موجود غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف چھاپوں اور ان کی ملک بدری کا سلسلہ جلد ہی شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن تیار رہیں، کیوں کہ امیگریشن حکام جلد ہی ان کے پاس آنے والے ہیں۔ گزشتہ ماہ صدر ٹرمپ نے غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن موخر کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم گزشتہ ہفتے ان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن اب 4 جولائی کے بعد شروع ہو جائے گا۔ امریکی امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ ابتدا میں یہ کریک ڈاؤن ان تارکین وطن کے خلاف ہو گا، جو حال ہی میں امریکہ پہنچے ہیں۔

برطانیہ ایرانی آئیل ٹینکر کو فوری طور پر چھوڑ دے:تہران
تہران۔ 6 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) تہران نے مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ جبرالٹر کے علاقے میں قبضے میں لیے گئے ایرانی آئیل ٹینکر کو فوری طور پر چھوڑ دے۔ ایرانی حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ برطانوی کارروائی امریکی ایما پر کی گئی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اس معاملے پر ایران میں تعینات برطانوی سفیر سے ملاقات کی اور اس واقعے کو ’ناقابل قبول‘ قرار دیا۔ ایران نے دھمکی دی ہے کہ کہ اگر برطانیہ یہ ٹینکر رہا نہیں کرتا، تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے، جب خلیج فارس میں امریکہ اور ایران کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔