تراویح کیلئے حفاظ کا اہتمام، جلسہ یوم القرآن کیلئے تین جماعتوں کو اجازت، عمر جلیل کا دورہ
حیدرآباد /25 فروری ( سیاست نیوز)رمضان کے سلسلہ میں تاریخی مکہ مسجد کے تمام تر انتظامات مکمل ہوچکے ہیں۔ حکومت نے مصلیوں کی سہولت کیلئے صحن میں ہر سال کی طرح وسیع و عریض شیڈ تعمیر کیا ہے۔ بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے 2 جنریٹرس تیار رکھے گئے ہیں ان میں سے ایک جنریٹر آٹو میٹک ہے جو سربراہی منقطع ہوتے ہی برقی بحال کرتا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے مکہ مسجد کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ضلع اقلیتی بہبود آفیسر الیاس احمد اور سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی نے تفصیلات سے واقف کرایا۔ مسجد کے اندرونی حصہ میں قالین کی صفائی جاری ہے۔ افطار و تراویح میں مصلیوں کی کثیر تعداد کے پیش نظر صحن میں جانمازوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ وضو خانوں اور ٹائیلٹس کی تعمیر پر ایک کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ محکمہ اقلیتی بہبود سے ہر سال 1200 کیلو کھجور فراہم کئے جاتے ہیں تاہم اس مرتبہ سید عمر جلیل نے 1500 کیلو کھجور فراہم کرنے کا تیقن دیا تاکہ روزہ داروں میں تقسیم کئے جاسکیں۔ حکومت نے نماز تراویح کے تین دہوں میں حفاظ کرام کا انتظام کیا ہے ۔ پہلے دہے میں 9 رمضان تک حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد نماز تراویح میں روزانہ 3 پارے سنائیں گے ۔ دوسرے دہے میں 10 رمضان سے امام مکہ مسجد حافظ محمد لطیف احمد روزانہ 3 پاروں کی تلاوت کریں گے۔ تیسرے دہے میں 20 رمضان سے حافظ محمد عبدالعلی صدیقی امام مکہ مسجد روزانہ تین پارے سنائیں گے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے رمضان کے 4 جمعہ مختلف جماعتوں کو جلسہ یوم القرآن کیلئے الاٹ کئے ہیں۔ پہلا جمعہ مجلس اتحادالمسلمین کو الاٹ کیا گیا جبکہ دوسرا جمعہ آل انڈیا سنی علماء بورڈ اور تیسرا جمعہ مجلس بچاؤ تحریک کو الاٹ کیا گیا۔ چوتھا اور آخری جمعہ جسے جمعۃ الوداع بھی کہا جاتا ہے مجلس کو الاٹ کیا گیا۔ جلسہ ’یوم القرآن‘ کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود نے مختلف شرائط رکھی ہیں جن میں دو گھنٹے کا وقت اور باکس ٹائپ اسپیکر کے استعمال کی شرط شامل ہے۔ 1