تامل ناڈو: ایس بی آئی کی جعلی شاخ چلانے والے تین ملزمین گرفتار

,

   

کڈولور(تامل ناڈو): تین افراد جن میں سے ایک کی عمر 19 سال بتائی گئی ہے، نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی ایک جعلی شاخ کھول لی۔ یہ واقعہ کڈالور ضلع کے پنروتی پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا۔تینوں افراد میں سے ایک شخص سابق بینک ملازم کا بیٹا بتایا گیا ہے۔ ان تینوں کی شناخت 19 سالہ ایس کمل بابو، 42 سالہ اے کمار اور 52 سالہ ایم منی کم کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ پولیس نے ان تینوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کمل بابو کی ماں ایک ریٹائرڈ بینک ملازمہ بتائی گئی ہیں۔ اس نے پنروتی علاقہ میں واقع اپنے گھر کے اوپر کے فلور پر ایس بی آئی کی خودساختہ جعلی شاخ کھول لی اور دیگر دو ملزم اس کے کام میں معاون تھے اور اسے جعلی ایس بی آئی پے سلپس فراہم کیا کرتے تھے۔

کڈالور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے مطابق یہ جعلی اور خودساختہ بینک شاخ پچھلے تین ماہ سے چلائی جارہی تھی تاہم یہاں کسی گاہک کو دھوکہ نہیں دیا گیا اور نہ ہی یہاں کوئی رقم ڈپازٹ کی گئی ہے۔“ ایس بی آئی پنروتی برانچ منیجر نے ا س سلسلہ میں پولیس سے شکایت درج کروائی اور ملزمین کے خلاف کارروائی کرنے کی اپیل کی۔ پولیس نے مقام واقعہ سے جعلی وڈرا سلپس، پے سلپس اور دیگر بینک سے مربوط اشیاء کو ضبط کرلیا۔ تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ اصل ملزم بینک ملازمت کا خواہش مند تھا اور اسے بینک کے بارے میں بہت ساری جان کاری تھی۔ اس نے دعوی کیا کہ وہ ایس بی آئی برانچ کھولنے کیلئے ممبئی سے منظوری کا انتظار کررہا تھا اس کے بعد ہی وہ سائن بورڈ آویزاں کرنے والا تھا۔