تاڑوائی میں پینے کے پانی کی قلت پر خواتین کا احتجاج

   

یلاریڈی /21 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) منڈل تاڑوائی مستقر کے بی سی کالونی میں پینے کے پانی کی قلت سے عوام کا برا حال ہے ۔ جس پر صبح علاقہ کی خواتین نے خالی گھڑوں کے ساتھ احتجاج کیا ۔ خواتین نے اس موقع پر کہا کہ گذشتہ پندرہ دنوں سے کالونی میں عوام کو پینے کا پانی نہیں آرہا ہے ۔ کالونی کے قریب پانی کی ٹانکی ہونے پر پینے کے پانی کیلئے بھاگیرتا کا پانی کچھ حد تک کارآمد رہتا تھا لیکن بھاگیرتا اسکیم کا پانی بھی سربراہ نہ ہونے سے پینے کے پانی کی قلت شدید پیش آرہی ہے ۔ کالونی میں 100 خاندان گذر بسر کر رہے ہیں اور اس کالونی کو پنچایت کا بورویل سے بھی برابر پانی سربراہ نہ ہونے سے خواتین تشویش کا اظہار کر رہی ہیں ۔ خواتین نے متعلقہ عہدیداروں اور ذمہ داروں سے کالونی کی عوام کو پینے کا پانی سربراہ کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کا مطالبہ کرکے احتجاج کیا ۔ واضح رہے کہ ابھی موسم گرما عروج کو بھی نہیں پہونچا اور ابھی سے پینے کے پانی کی قلت درپیش ہو رہی ہے ۔ جس سے عہدیداروں کو ابھی سے چوکسی اختیار کرنے کے ضروری انتظامات کی تیاری کرنا ضروری ہوگا ۔