تبلیغی جماعت کے8 ملیشیائی ارکان کی خصوصی طیارہ میں فرار ہونے کی کوشش

   

ملیشیاء کے ہائی کمیشن نے طیارہ کا انتظام کیاتھا ، اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا

نئی دہلی ۔ /5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے مرکز نظام الدین میں تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شریک ملیشیاء کے 8 شہریوں کو اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر امیگریشن حکام نے اُس وقت گرفتار کرلیا جب وہ خصوصی طیارہ سے فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ملیشیاء کے پھنسے ہوئے مسافرین کیلئے ایک خصوصی طیارہ کا انتظام کیا گیا تھا ۔ تبلیغی جماعت سے وابستہ 8 ملیشیائی ارکان دہلی این سی آر علاقہ میں روپوش ہوگئے تھے اور یہ لوگ ہندوستان میں پھنسے ہوئے ملیشیائی شہریوں کیلئے ملیشیائی ہائی کمیشن کی جانب سے انتظام کئے گئے خصوصی طیارہ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے ۔ ملک میں 21 روزہ لاک ڈاؤن کے باعث کئی بیرونی شہری پھنسے ہوئے ہیں ۔ امیگریشن حکام نے ان 8 تبلیغی ارکان کو گرفتار کرکے کرائم برانچ کے حوالے کردیا ۔ مرکزی حکومت نے تمام ریاستی پولیس فورس کو ہدایت دی ہے کہ وہ سیاحتی ویزا پر ہندوستان آنے والے اُن تمام بیرونی شہریوں کیخلاف سخت کارروائی کرے جنہوں نے تبلیغی اجتماع میں شرکت کی تھی ۔ حکومت نے پہلے ہی 960 بیرونی باشندوں کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ویزا شرائط کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے ویزا منسوخ کردیئے ہیں ۔ حکام نے گرفتار کئے گئے تمام 8 ملیشیائی باشندوں کو کورنٹائن کردیا ہے ۔ نظام الدین مرکز سے نکلنے والے 400 سے زائد افراد کے کیس پازیٹیو پائے گئے ہیں اور 15 اموات ہوئی ہیں ۔