تجارتی جنگ کے خاتمہ کیلئے چینی نائب وزیراعظم کا دورہ ٔامریکہ

   

بیجنگ ۔ 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چین کے نائب وزیراعظم اور اعلیٰ سطح کی تجارتی مذاکرات کار لیوہی 30 اور 31 جنوری کو امریکہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ مختلف موضوعات پر اعلیٰ سطحی مذاکرات میں حصہ لیں گے۔ یاد رہیکہ دنیا کے دو بڑے ممالک امریکہ اور چین کے درمیان گذشتہ چند ماہ سے تجارتی جنگ چھڑی ہوئی ہے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کی مصنوعات پر زائد ٹیکس کا نفاذ کررہے ہیں تاہم بعدازاں یہ طئے پایا تھا کہ 2 مارچ تک وہ تجارتی نوعیت کے کوئی ٹیکس عائد نہیں کریں گے۔ اب جبکہ 2 مارچ کی مدت ختم ہونے میں صرف ڈیڑھ ماہ کا عرصہ باقی ہے اس لئے نائب وزیراعظم کے دورہ امریکہ کو اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے۔ قبل ازیں لیوہی نے گذشتہ ہفتہ نچلی سطح پر بھی بیجنگ میں کچھ مذاکرات میں حصہ لیا تھا جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان جاری تجارتی جنگ کا خاتمہ ہے۔ دریں اثناء چین کی وزارت کامرس نے بھی جمعرات کو ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ لیوہی 30 اور 31 جنوری کو امریکہ کا دورہ کررہے ہیں جہاں یو ایس کے تجارتی نمائندہ رابرٹ لائیتھیزر سے بات چیت کریں گے اور ساتھ ہی ساتھ دیگر کئی موضوعات بھی زیربحث آئیں گے۔ توقع ہیکہ اس ملاقات کے بعد تجارتی جنگ کے خاتمہ کیلئے کسی معاہدہ کو قطعیت دی جاسکتی ہے۔