تجارتی نل کنکشن کو آٹو میٹک ریڈنگ میٹرس نصب کرنے کی تجویز

   

صارفین کو نوٹس روانہ کرنے کا منصوبہ ، حیدرآباد میٹرو واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا اقدام
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد میٹرو واٹر ورک نے تجارتی اغراض سے حاصل کردہ نل کنکشنس کو آٹو میٹک ریڈنگ میٹرس ( اے ایم آر ) نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس وقت 10 ہزار سے زائد تجارتی نل کنکشنس ہیں تاہم صرف 4 ہزار نلوں کو ہی اے ایم آر نصب کئے گئے ہیں اور مزید 6 ہزار نلوں کو اے ایم آر نصب کرنا باقی ہے ۔ میکانیکل واٹر میٹرس کے ناکارہ ہوجانے کی وجہ سے واٹر ورکس کو بھاری خسارہ برداشت کرنا پڑرہا ہے ۔ اس طرح کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے بورڈ نے خسارہ سے بچنے کے لیے اے ایم آر میٹرس نصب کرنے کی مہم کا آغاز کرنے کی تجویز رکھا ہے ۔ اس تجویز کے تحت قبل از وقت نل کنکشن مالکین کو نوٹسیں روانہ کی جائیں گی اور بعد ازاں 15 دن کے بعد سے میٹرس کی تنصیب شروع کی جائے گی ۔یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ نصف انچ کے اے ایم آر میٹر کی قیمت مارکٹ میں 4 تا 5 ہزار روپئے ہے اور ایک یا دو انچ کے اے ایم آر میٹرس کی قیمت 35 تا 40 ہزار روپئے ہے ۔ تاہم ابتداء میں یہ میٹرس واٹر ورکس کی جانب سے ہی نصب کئے جائیں گے بعد ازاں میٹرس کی قیمت کو واٹر بلس کے ساتھ مرحلہ وار وصول کیا جائے گا ۔ شہر میں اکثر گھریلو نل کنکشنس کو میٹرس نصب نہیں کئے گئے ہیں اور جو صارفین نیا نل کنکشنس حاصل کررہے ہیں صرف ان کو ہی میٹرس کی تنصیب کی جارہی ہے ۔ جب کہ قدیم نل کنکشنس کے اکثر میٹرس ناکارہ ہوچکے ہیں ۔ مگر ان میٹرس کی مرمت نہ کرنے کی وجہ سے جہاں واٹر ورکس کو نقصان ہورہا ہے وہیں صارفین کو بھی نقصان ہورہا ہے ۔ شہر میں فی الحال 9.6 لاکھ نل کنکشنس ہیں جن میں سے تقریبا 1.5 لاکھ واٹر میٹرس ناکارہ ہوچکے ہیں اور اگر میٹرس کارکرد ہوں تو پانی کے ایک ایک خطرہ کا حساب دینا پڑتا ہے اور یہ بھی افواہیں ہیں کہ بعض لوگ میکانیکل واٹر میٹرس میں ٹیامپرنگ کررہے ہیں اور فی الحال شہر میں روزانہ 480 ایم جی ڈی پانی سربراہ کیا جارہا ہے جس میں 40 فیصد سربراہی نقصان میں ہے اور اس کی وجوہات نلوں کے غیر قانونی کنکشنس ، لیکیج اور میٹرس کا صحیح نہ ہونا ہے ۔ لہذا تمام نل کنکشنس کو باقاعدہ اے ایم آر میٹرس کی تنصیب ضروری ہے ۔۔