ترقیاتی پراجکٹس کی تکمیل ہماری اولین ترجیح : شیخ حسینہ

,

   

ڈھاکہ ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ نے عام انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کرنے کے بعد کہا کہ وہ تمام بنگلہ دیشیوں کی وزیراعظم ہیں اور معاشی اصلاحات کو جاری رکھنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔ یاد رہیکہ شیخ حسینہ کی عوامی لیگ اور ان کی حلیف جماعتوں کو عام انتخابات میں اتوار کے روز 299 نشستوں تک منجملہ 288 نشستوں پر زبردست کامیابی ملی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے آئندہ پانچ سالہ میعاد کے دوران وہ اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھائیں گی کیونکہ وہ اس وقت تمام بنگلہ دیشیوں کی وزیراعظم ہیں۔ ڈھاکہ ٹریبون کی رپورٹ کے مطابق شیخ حسینہ نے کہا کہ جن ترقیاتی پروگراموں کو حکومت نے پہلے ہی شروع کر رکھا ہے، ان کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔ ہم نے متعدد پراجکٹس کو منظوری دی ہے اور ان پر کام جاری رکھنا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہیکہ ہمیں عوام کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ اپنی بات دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح معاشی اصلاحات ہے تاکہ عوام بہتر طور پر زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ’’انتقامی سیاست‘‘ پر یقین نہیں رکھتی بلکہ عوام کی خوشحالی اور ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے رائے دہی میں دھاندلی کئے جانے اپوزیشن کے الزام کو یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ اگر کوئی الزام صحیح ہوتا تو الیکشن کمیشن رائے دہی کا عمل فوری طور پر روک دیتا۔ 40,000 رائے دہی کے جملہ مراکز میں سے اگر ایک دو مراکز پر انتخابی دھاندلی ہوتی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ رائے دہی کا پورا عمل ہی دھاندلیوں کا شکار ہوا ہے۔ یہ تو وہی بات ہوئی کہ کسی کمیونٹی میں اگر ایک دو لوگ خراب ہوں تو پوری کمیونٹی کو ہی خراب تصور کرلیا جائے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے شیخ حسینہ نے کہا کہ عوام ہماری حکومت کو ہی جاری رکھنا چاہتے تھے لہٰذا انہوں نے ہم پر اعتماد کرتے ہوئے دوبارہ ہمیں ووٹ دیا۔