ریاستی حکومت کا فیصلہ ۔ سہ فریقی معاہدہ پر دستخط ۔ تفصیلی ڈاٹا جمع کرنے کی حکمت عملی
حیدرآباد 17 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ کی حکومت اپنے مختلف ترقیاتی پروگرامس کے نتائج سے واقفیت حاصل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر گھریلو سروے کروانے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ اس سروے کے ذریعہ حکومت اپنے مختلف ترقیاتی پروگرامس کے عوامی نتائج حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ اس سروے میں اہم شعبوں کا احاطہ کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ سروے سے جو نتائج حاصل ہونگے ان کو پیش نظر رکھتے ہوئے عہدیداروں اور مالی انتظامات کو بہتر بنانے اور پروگرامس کے بہتر نفاذ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس سروے کے ایک حصے کے طور پرفینانس اور منصوبہ بندی کے محکمہ جات نے ملک کی مختلف ریاستوں کے مرکز برائے موثر سروے کے ساتھ سہ فریقی معاہدہ کیا ہے جو سروے کرنے کے بعد ڈاٹا اکٹھا کرنے کی کوششوں میں رہنمائی کریگا ۔ تفصیلات کے مطابق اس معاہدہ سے تلنگانہ میں معاشرتی ومعاشی نتائج اور عوامی اخراجات کے معیار کو ہبتر بنانے کا منصوہ بھی تیار کیا گیا ہے ۔ اس اشتراک کیلئے ڈائرکٹوریٹ اکنامکس و اسٹاٹسٹکس نے معاہدہ پر دستخط کئے ہیں۔ اہم نتائج اور عمل سے متعلق با قاعدگی سے ڈاٹا اکٹھا کرنے سے حکومت کی کارکردگی اور عملے کے انتظام کو بہتر بنانے ‘ عوامی اخراجات کے معیار کو بہتر بنانے حکمت عملی بجٹ اور منصوہ بندی میں مدد ملے گی اور کلیدی شعبہ جات میں اصلاحات کیلئے مواد پر مبنی پالیسی تیار کرنے میں مدد لی جاسکتی ہے ۔ CEGIS کے ساتھ مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کرنے سے پہلے بتایا گیا کہ حکومت ‘تلنگانہ کی جامع ترقی کیلئے ایک منصوہ بند پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔ علاوہ ازیں حکومت کا ہر اقدام ترقی پر مبنی ہے اور ریاست کی تشکیل کے چند سال میں ہی تلنگانہ نے مختلف محاذوں پر ملک میں باقی ریاستوں سے بہتر ترقی کی ہے ۔ ریاستی وزیر ہریش راو نے کہا کہ سب کو ریاست کی ترقی کیلئے یکجہتی کی لگن کے ساتھ کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نظامت کو جامع اعدادو شمار جمع کرنے کو یقینی بنانا چاہئے جو حکومت کو ترقی کیلئے موثر منصوبے بنانے اور ان پر عمل درآمد کرنے میں مدد فراہم کریگی ۔