آصف نگر میںفیروز خان ‘ عثمان محمد خان و دیگر پر کارکنوں کا حملہ ۔ ہاتھا پائی اور سنگباری
حیدرآباد : 7 اکٹوبر ( سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی نامپلی میں آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب مجلسی کارکنوں نے کانگریس قائدین اور کارکنوں پر حملہ کردیا ۔ حلقہ میں ترقیاتی کاموں کے مسئلہ پر تنازعہ تشدد کا سبب بن گیا ۔ رکن اسمبلی ماجد حسین کی موجودگی میں مجلسی کارکنوں نے کانگریس قائدین فیروز خان ، عثمان محمد خان اور حامیوں پر حملہ کردیا ۔تاہم فیروز خان ڈٹے رہے اور عوام کے حق میں اپنی آواز بلند کرتے رہے ۔ مجلس کی مبینہ غنڈہ گردی کے باوجود میدان نہیں چھوڑا ۔ اس دوران دونوں پارٹیوں کے قائدین ایک دوسرے پپر برس پڑے اور ہاتھا پائی کے علاوہ پتھراؤ کرنے لگے ۔ پولیس کی بھاری جمعیت نے مداخلت کرکے جھگڑے کو تشدد کا رُخ اختیار کرنے سے بچانے کی کوشش کی اور درخواست کرکے فیروز خان کو روانہ کردیا ۔علاقہ میں امن کی برقراری اور عوامی مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے فیروز خان پولیس کی درخواست پر خاموش رہے۔ پولیس کی بھاری جمعیت اور اقدام کے باوجود دونوںکا ہجوم قابو سے باہر تھا ۔ تاہم پولیس نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرکے دونوں گروپس کو قابو میں کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریسی قائد فیروز خان فیروز گاندھی نگر میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے پہونچے ۔ترقیاتی کاموں میں تاخیر کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا ہے اور کانگریس سرگرم قائد عثمان خان کا بھی اسی علاقہ سے تعلق ہے ۔ فیروز خان کی آمد کی اطلاع پر رکن اسمبلی ماجد حسین اپنے حامیوں کے ساتھ فیروز گاندھی نگر پہنچے اور جیسے ہی دونوں کا آمنا سامنا ہوا ، دونوں آپس میںدست گریباں ہوئے اور حامی اپنے قائدین کی بحث و تکرار کو دیکھ کر مشتعل ہوگئے ۔ دیکھتے ہی دیکھتے علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ دونوں گروپس میں ہاتھاپائی اور جھگڑے کے سبب علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس کی بھاری جمعیت کو طلب کرلیا گیا ۔ یہ واقعہ جہاں پیش آیا اس مقام سے آصف نگر پولیس اسٹیشن قریب ہے ۔ پولیس کی مداخلت کے باوجود حالات قابو سے باہر تھے تاہم پولیس نے طاقت کا استعمال نہیں کیا ۔ مجلسی کارکن اور ماجدحسین ‘فیروز خان کی سرگرمی پر برہم تھے اور کنٹراکٹر کو دھمکانے کا الزام لگایا جبکہ کانگریسی قائدین نے ترقیاتی کاموں کے تعلق سے فکرمند ہوکر سوال کیا ۔ علاقہ میں ترقیاتی کاموں میں تاخیر سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ واقعہ کے خلاف ہمایوں نگر پولیس میں شکایت درج کرلی گئی ۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس وجئے سرینواس نے بتایا کہ حالات قابو میں ہیں اور شکایتوں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور پولیس نے شکایتیں درج کیںاور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع