ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

جگتیال میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس ، ضلع کلکٹر کا خطاب
جگتیال : جگتیال ضلع کلکٹر جی روی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے گذشتہ تین سالوں سے روبہ عمل لائے جارہے گھر گھر اختراعی پروگرام کی تاریخ میں 10؍اگسٹ تک توسیع کی گئی ہے۔انھوں نے شہر جگتیال کے آئی ایم اے ہال میں تمام محکمہ جات کے ضلعی عہدیداروں کے ساتھ محکموں کی کارکردگی سے متعلق میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ آنے والے یوم آزادی کے موقع پر 33 اضلاع میں نہ صرف طلباء بلکہ عوام بھی مختلف سماجی مسائل کی یکسوئی سے متعلق منفرد انداز میں اختراعات کو روبہ عمل لانے کیلئے 10؍اگسٹ تک گھر گھر اختراعی پروگرام کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔تاحال ضلعی سطح پر 10 مختلف افراد کی جانب سے درخواستوں کا ادخال کیا گیا۔جس میں 4 اختراعات کو قطعی مرحلہ میں منظوری عطا کی گئی ہے۔ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو تاکید کی کہ جل شکتی ابھیان پروگرام کے تحت متعلقہ تعمیراتی کاموں کی تکمیل کی جائے۔مواضعات اور شہری علاقوں میں صفائی کو موثر طور پر روبہ عمل لایا جاتا رہے۔گندی نالیوں کی مسلسل صفائی کروائی جاتی رہے۔ محکمہ آبپاشی کے عہدیدار مسلسل کنالوں ، تالابوں میں پانی کی سطح اور پشتوں کا معائنہ کرتے ہوئے محتاط رہیں۔حکومت کی جائیدادوں کی تفصیلات کو دھرنی پورٹل میں درج کیا جائے۔ نئے جاری کردہ غذائی تحفظ کارڈس کے مستحقین میں جاریہ ماہ سے راشن فراہم کیا جائے۔ چاول کی غیر قانونی منتقلی کو روکنے کیلئے موثر اقدامات پر عمل آوری کے تحت مسلسل چاول کی فروخت کرنے والوں پر سخت نظررکھی جائے۔اجلاس کے اختتام میں گھر گھر اختراع پروگرام کے پوسٹر کی رسم اجرائی کی گئی۔اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر برائے مجالس مقامی محترمہ جے ارونا سری، آر ڈی او جگتیال محترمہ مادھوری ، آر ڈی او کورٹلہ ونودکمار، پی ڈی ڈی آر ڈی اے ونود،اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔