کولکتہ۔ ترنمول کانگریس ہرسال 21جولائی کوشہید دیوس کے طور پر مناتی تھی، اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل اس سال کا یہ پروگرام بہت ہی اہم تھا تاہم کورونا وائرس کے بحران کی وجہ سے اس سال روایتی انداز میں شہید دیوس کا پروگرام رد کردیا گیا ہے اور اب وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ورچوئل ریالی سے خطاب کریں گی۔ اس تقریر کو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم پر نشرکرنے کے ساتھ مختلف علاقوں میں لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا اور اس کیلئے بنگال بھر میں پارٹی نے ایل ای ڈی اسکرین کا انتظام کررکھا ہے ۔ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت نے اس وقت ریاست بھر میں 600سے زائد کنٹینمنٹ زون میں لاک ڈاؤن نافذ کررکھا ہے ، ان علاقوں میں نہ جانے کی اجازت ہے اور نہ داخل ہونے کی۔اس کے علاوہ کہیں پر بھی 50سے زائد افراد کے جمع ہونے کی اجازت نہیں ہے ۔ان حالات پارٹی قیادت نے 21جولائی کے سالانہ پروگرام کو ورچوئل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور بوتھ سطح پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ریاستی وزیر تعلیم اور ترنمول کانگریس سیکریٹری جنرل پارتھو چٹرجی نے اپنے فیس بک پیج پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ترنمول کانگریس کی صدر اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی 21 جولائی بروز منگل 2 بجے ، یوم شہدا کے موقع پر ورچوئل خطاب کریں گی۔آئیے !ہم سب ہر بوتھ پران کی تقریر سنیں اور سہ پہر ایک بجے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پارٹی پرچم لہرائیں۔