ترکیہ میں داعش سے تعلق کے شبہ میں 304 افراد زیر حراست

   

انقرہ : ترک وزیرداخلہ علی یرلیکایا نے جمعہ کو کہا کہ حکام نے 32 صوبوں میں کارروائیوں میں شدت پسند گروپ داعش سے تعلق کے شبہ میں 304 افراد کو حراست میں لیا ہے۔یرلیکایا نے سماجی پیغام رسانی کے پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ مشتبہ افراد کی اکثریت کو ترکیہ کے تین بڑے شہروں انقرہ، استنبول اور ازمیر سے حراست میں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ’آپریشن ہیروز-34‘ ملک بھر میں بیک وقت کیا گیا۔انہوں نے کارروائیوں کی فوٹیج شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کے امن اور اتحاد کی خاطر کسی دہشت گرد کو آنکھیں کھولنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم اپنی سکیورٹی فورسز کی بھرپور کوششوں کے ساتھ اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔” اس فوٹیج میں پولیس کو اپارٹمنٹس اور عمارتوں میں داخل ہوتے اور مشتبہ افراد کو گاڑیوں میں گھسیٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔داعش کا 2014 میں اپنے عروج پر عراق اور شام کے ایک تہائی حصے پر کنٹرول تھا۔ اگرچہ اسے مار بھگایا گیا لیکن یہ باغیانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔اس نے ترکیہ کے طول و عرض میں متعدد حملے کیے ہیں جن میں یکم جنوری 2017 کو استنبول میں ایک نائٹ کلب پر حملہ بھی شامل ہے جس میں 39 افراد ہلاک ہوئے تھے۔