استنبول، 28 اکتوبر (یو این آئی) ترکیہ کے مغربی صوبہ بالی قصر میں پیر کی دیر رات 6.1 شدت کے زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔حکام نے بتایا کہ ترکیہ کے مغربی صوبے بالی قصر میں پیر کی دیر رات 6.1 شدت کا زلزلہ آیا جس سے بڑے پیمانے پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ آفات اور ہنگامی انتظام کی ذمہ دار قومی ایجنسی ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ پریزیڈنسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اطلاع دی ہے کہ زلزلہ مقامی وقت کے رات 10:48 بجے سندھرگی ضلع میں آیا۔ این ٹی وی کی نشر کردہ فوٹیج میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کرنے کے بعد مکینوں کو سڑکوں پر بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ آن لائن پوسٹ کی گئی ویڈیو میں کئی عمارتوں کو گرتے دکھایا گیا ہے ۔ زلزلے کے جھٹکے قریبی صوبوں بشمول استنبول، برسا اور ازمیر میں بھی محسوس کیے گئے ۔ این ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جانی و مالی نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے ہنگامی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ اس سے قبل اگست میں بھی اسی ضلع میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں ایک شخص ہلاک اور 29 دیگر زخمی ہوئے تھے ۔