ترکی میں پارلیمنٹ عمارت کے قریب خودکش بم دھماکہ

   

انقرہ: ترکی میں پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب دھماکہ اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ مقامی میڈیا رپورٹس نے وزارت داخلہ کے حوالے سے کہا کہ انقرہ میں دھماکہ دہشت گرد حملہ ہے، دھماکہ ترکیہ کی وزارت داخلہ کی عمارت کے باہر کیا گیا جس سے وہاں آگ بھڑک اٹھی۔ایک خودکش حملہ آور نے وزارت داخلہ کی عمارت کے مرکزی گیٹ سے گاڑی ٹکرائی جس سے زوردار دھماکہ ہوا اور دھویں کے بادل چھا گئے۔ دوسرا حملہ آور جوابی کارروائی میں مارا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے مقام واقعہ کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کر دی ہے۔ دھماکہ پارلیمنٹ کا افتتاحی اجلاس شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل کیا گیا۔عرب میڈیا کے مطابق انقرہ میں حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا جس کے باعث 2 افراد زخمی ہوئے جبکہ دوسرے حملہ آور کو سکیورٹی اہلکاروں نے ہلاک کردیا۔
ترک وزارتِ داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انقرہ میں دھما کہ دہشت گرد حملہ ہے۔ترک میڈیا کے مطابق دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔چیف پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے دہشت گرد حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔دوسری جانب دھماکے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے جس میں دھماکے سے فضا میں دھواں اور آگ لگنے کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔دھماکہ کے باعث سڑکوں پر شہریوں کو خوفزدہ ہو کر بھاگتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔