واشنگٹن : امریکہ کے ریپبلیکن سینیٹر لنڈسے گراہم نے ترکی کو ایف 16 فروخت کرنے کی حمایت کی ہے۔ گراہم نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ میں بائیڈن انتظامیہ کی طرف سے نیٹو کے اتحادی ملک ترکی کو ایف 16 فروخت کرنے کی مکمل تائید کرتا ہوں،بعض نظریاتی اختلافات کے باوجود ترکی نیٹو کا ایک اہم اتحادی ملک ہے اور یہ صورت حال ترکی کی قومی سلامتی سے متعلق مفادات میں سہولت پیدا کرے گی۔ گراہم نے مزید کہا کہ ان طیاروں کی فروخت سے ترکی کی فضائی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا جو کہ ترکی ، امریکہ سمیت نیٹو اور علاقائی سلامتی کیلیے بھی مفید ہوگا۔امریکہ کے عالمی سلامتی امورکی خاتون مشیر سیلیسٹی والنڈر نے بھی ترکی کی طرف سے نئے ایف 16 طیاروں کی خرید اور موجودہ طیاروں کو جدید بنانے سے متعلق کہا کہ امریکہ، ترکی کے ایف سولہ طیاروں کو جدید بنانے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔