انقرہ ۔ 6 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ترکی میں ایک صدارتی حکم نامے کے ذریعے مرکزی بینک کے گورنر کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ جمعے کے روز صدر رجب طیب ایردوآن کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں مرکزی بینک کے گورنر مراد چیتنکایا کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی ہدایات جاری کی گئیں، جب کہ ان کے نائب کو مرکزی بینک کے گورنر کا عہدہ سنبھالنے کا کہا گیا۔
مراد چیتنکایا اپریل 2016 میں ترکی کے مرکزی بینک کے گورنر تعینات کیے گئے تھے۔ فی الحال اس برطرفی کی وجوہات سامنے نہیں آئی ہیں۔ تاہم صدر ایردوآن مسلسل ملک میں بلند شرح سود کے خلاف بیانات دیتے آئے ہیں۔ گورنر چیتنکایا حکومت کی جانب سے شرح سود میں کمی کی تجویز کے مخالف تھے۔
کھٹمنڈو میں اوسط درجہ کے
زلزلہ کا جھٹکہ
کھٹمنڈو۔ /6 جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہمالیائی ملک نیپال میں اوسط درجہ کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔ آج شام 4 بجکر15 منٹ کو کھٹمنڈو کے اطراف زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ریختر اسکیل پر اس کی شدت 4.6 ناپی گئی۔ زلزلہ کا مبداء دارالحکومت کھٹمنڈو سے 15 کلو میٹر قریب پایا گیا۔ زلزلہ سے نقصانات یا ہلاکتوں کی فوری طور پر کوئی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔