امریکی دواساز کمپنی فائزر کا کامیاب تجربہ مسلم جرمن سائنسدانوں کی کاوش
واشنگٹن: ترک نژاد مسلم سائنسدانوں نے مشہور امریکی دواساز کمپنی Pfizer فائزر کی کامیاب کوویڈ۔19 ویکسین کی تیاری میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ کمپنی نے حال ہی میں اپنی کامیابی کا اعلان کیا اور بتایا کہ بڑے پیمانے پر ٹرائل میں یہ ویکسین 90 فیصد سے زیادہ مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ اس ویکسین کو تیار کرنے والے جو نمایاں سائنسدان ترک نژاد مسلمان ڈاکٹر اوگر شاہین اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر اوزلم توریسی ہیں۔ یہ ڈاکٹر جوڑا جرمنی میں شہرت رکھتا ہے۔ 55 سالہ ڈاکٹر شاہین ترک وطن کرکے جرمنی میں مقیم ہوگئے۔ ان کے ساتھ 53 سالہ ڈاکٹر توریسی نے طبی تحقیقی کام کو آگے بڑھایا ہے۔ اس جوڑے نے جرمنی میں ٹیکنالوجی کی اسٹارٹ اپ کمپنی
BioNTech
شروع کی تاکہ میسینجر
RNA (mRNA)
ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے علاج کو فروغ دیا جاسکے۔ تونیس کی پیدائش والے مسلم سائنسدان ڈاکٹر ایم محمد سلاوی آپریشن
WARP
کی قیادت کررہے ہیں جس کا اعلان امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کیا تاکہ کوروناوائرس ویکسین کو تیزی سے تیار کرتے ہوئے امریکہ میں تقسیم کیا جاسکے۔ کوویڈ۔19 آج دنیا کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے میں مسلم سائنسدان پیش پیش ہیں۔ فائزر کمپنی نے امریکہ اور پانچ دوسرے ممالک میں تقریباً 44 ہزار افراد پر اپنی نئی ویکسین کی جانچ کی ہے اور اس کی بنیاد پر ابتدائی نتائج جاری کیے گئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق صرف 94 افراد کووڈ۔19 کا شکار ہوئے ہیں۔ البتہ فائزر نے ان کیسوں کے بارے میں مزید کوئی تفصیل جاری نہیں کی اور خبردارکیا ہیکہ اس تحقیقی مطالعے کے اختتام تک اس ویکسین کو لگوانے کے نتیجے میں کوویڈ۔19 سے تحفظ کی شرح میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔