تشدد سے متاثرہ نیپال میں عام انتخاب کا اعلان

   

5 مارچ 2026 کو ووٹنگ، عبوری وزیر اعظم کی سفارش پر فیصلہ
کھٹمنڈو۔13؍ستمبر( ایجنسیز)نیپال میں عام انتخاب کی تاریخ کا اعلان ہو گیا ہے۔ صدر رام چندر پوڈیل کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ پارلیمانی انتخاب 5 مارچ 2026 کو ہوں گے۔ یہ فیصلہ نو منتخب عبوری وزیر اعظم سوشیلا کارکی کی سفارش پر لیا گیا ہے۔ واضح ہو کہ صدر پوڈیل نے جین-زی گروپ کے مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے 12 ستمبر کو موجودہ پارلیمنٹ تحلیل کر دی تھی اور نیپال کی سابق چیف جسٹس سوشیلا کارکی نے ملک کی عبوری وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا تھا۔ وہ نیپال کی پہلی خاتون وزیر اعظم بھی ہیں۔تازہ ترین خبروں کے مطابق عبوری وزیر اعظم سوشیلا کارکی 14 ستمبر کو ایک چھوٹی کابینہ تشکیل دیں گی۔ کارکی خود وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سمیت تقریباً 2 درجن وزارت کی ذمہ داری سنبھالیں گی۔ واضح ہو کہ جین-زی کے پْرتشدد احتجاج کے دوران نیپال حکومت کے ہیڈ کوارٹر ’سنگھ دربار‘ کو نذر آتش کر دیا گیا تھا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ’سنگھ دربار‘ کے احاطہ میں ہی وزارت داخلہ کیلئے نئی تعمیر شدہ عمارت کو وزیر اعظم کے دفتر کی شکل میں تیار کیا گیا ہے۔نئی عمارت کے آس پاس صفائی کا کام چل رہا ہے تاکہ وزیر اعظم کے دفتر کو جلد از جلد منتقل کیا جا سکے۔ اس سے قبل وزیر اعظم کارکی نے ہفتہ کو کٹھمنڈو کے بانیشور علاقہ میں سیِول ہاسپٹل کا دورہ کیا جہاں احتجاج کے دوران زخمی درجنوں لوگوں کا علاج چل رہا ہے۔ نیپال کی بڑی سیاسی پارٹیوں اور سپریم وکلاء کے ادارہ نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کے صدر کے فیصلہ پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے اسے غیرقانونی، من مانی اور جمہوریت پر شدید حملہ قرار دیا ہے۔ تحلیل شدہ ایوان نمائندگان (نیپال کی پارلیمنٹ کا ایوان زیریں) کے چیف وِہپ نے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے خلاف مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔