نئی اتحادی حکومت میں وزیرخارجہ بننے سے متعلق ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے : بلاول بھٹو
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی حلف برداری کو پانچ روز گزر جانے کے باوجود تاحال وفاقی کا اعلان نہیں ہو سکا جس کے بعد شہرِ اقتدار میں مختلف چہ موگوئیاں جاری ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں اتحادی جماعتوں کی وجہ سے کابینہ کے اعلان میں تاخیر ہو رہی ہے۔مسلم لیگ (ن )کے رہنما شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ کابینہ کے اعلان سے قبل یہ ضروری ہوتا ہے کہ وزیراعظم کو ملک کی اندرونی صورتِ حال کا ادراک ہو تاکہ وہ ان حالات کے مطابق کابینہ اراکین کا انتخاب کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی شہباز شریف کو وزارت ِعظمیٰ کا حلف اٹھائے چند روز ہوئے ہیں اور ایک ہفتے کے اندر کابینہ کی تشکیل مکمل کر لی جائے گی۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے نئی کابینہ میں وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے سے متعلق سوال کا واضح جواب نہیں دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے اتحاد کی دوسری بڑی جماعت کے چیئرمین بلاول بھٹو کو وزیر خارجہ بننے کی پیش کش کی تھی۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ نئی اتحادی حکومت میں وزیر خارجہ بننے کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے اور اس حوالے سے وہ جماعت کے فیصلے کی پابندی کریں گے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی بحالی اور معیشت کی بہتری کے لئے عمران خان کی حکومت کا خاتمہ کرنے والے اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کابینہ میں شمولیت سے متعلق بعض سیاسی جماعتوں کی ہچکچاہٹ کی وجہ معاشی حالات ہیں اور بعض جماعتیں سمجھتی ہیں کہ اس وقت حکومت میں عہدے لے کر کارکردگی دکھانا مشکل ہوگا۔