حیدرآباد۔ ریاستی حکومت نے تلنگانہ ہائیکورٹ سے کہا ہے کہ وہ اسکولس کے تعلیمی سال کی شروعات کے مسئلہ پر آئندہ دو دن میں فیصلہ کرے گی ۔ حکومت نے عدالت کو مطلع کیا کہ ریاستی کابینہ نے جاریہ تعلیمی سال آن لائین اور فاصلاتی طرز تعلیم کے ساتھ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ریاست میں کورونا کی وباء میں ہنوز شدت ہے ۔ اس موقع پر عدالت نے بتایا کہ سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای نے اپنا تعلیمی سال مارچ سے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ عدالت نے حکومت سے سوال کیا کہ آیا ریاستی کابینہ کے تیصلہ کا ریاست کے محکمہ تعلیم کے تحت آنے والے اسکولس پر اطلاق ہوگا ؟ ۔ عدالت نے کہا کہ کچھ اسکول انتظامیہ کی جانب سے پانچویں جماعت کے طلبا کیلئے بھی طویل آن لائین کلاسیس چلائی جا رہی ہیں۔ اس پر عدالت نے تشویش کا اظہار کیا ۔ اس پر حکومت نے عدالت کو مطلع کیا کہ ریاست کے خانگی اسکولس کیلئے بھی حکومت کی جانب سے رہنما خطوط کی تیاری عمل میں لائی جائے گی ۔