نئی دہلی 24 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج اعلان کیا کہ ان کی حکومت کورونا وائرس لاک ڈاون کے پیش نظر تعمیراتی مزدوروں کو فی کس پانچ ہزار روپئے امداد فراہم کرے گی ۔ انہوں نے ساتھ ہی ڈاکٹرس کے ایک پانچ رکنی پیانل کے قیام کا اعلان کیا ہے تاکہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک منصوبے تیار کیا جاسکے ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ تعمیراتی مزدوروں کا گذر بسر کورونا وائرس کی وجہ سے مشکل کا شکار ہوگیا ہے کیونکہ وہ گھروں میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ آج وزیراعظم مودی نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کورونا وائرس کی وجہ سے 21 دن کے قومی لاک ڈاون کا اعلان کیا ہے ۔ ایک عہدیدار کے بموجب چیف منسٹر کجریوال کے اعلان سے دہلی کے 46,000 تعمیراتی مزدوسروں کو راحت مل سکے گی ۔ یہ تمام تعمیراتی ورکرس ویلفیر بورڈ فنڈ میں رجسٹریشن رکھتے ہیں اور انہیں امداد فراہم کی جائیگی ۔