تغذیہ بخش غذاؤں سے کورونا پر قابو پایا جاسکتا ہے: کے سی آر

   

تلنگانہ میں صورتحال قابو میں، عوام کو سختی سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ

حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ان کی حکومت صحت عامہ کی برقراری کو اولین ترجیح دیتی ہے اور ترقیاتی اسکیمات کے ساتھ ساتھ عوام کی صحت کی حفاظت کیلئے علاج کی سہولتوں کو بہتر بنانے کئی قدم اٹھائے گئے۔ چیف منسٹر نے عالمی یوم صحت کے موقع پر کہا کہ تلنگانہ میں کامیابی کے ساتھ کئی اسکیمات پر عمل آوری کے ذریعہ پبلک ہیلت کیر سسٹم کو مستحکم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے بستی دواخانوں کے قیام کے ذریعہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں طبی خدمات کو بہتر بنایا ہے اور اس کے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اربن لوکل باڈیز میں بستی دواخانوں کے قیام کی تجویز ہے۔ ہیلت کیر سسٹم کے استحکام کے ذریعہ حکومت نے عوام کو طبی سہولتیں بہتر بنائی ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ حکومت کی جانب سے عوام کیلئے میٹ اور فش کے استعمال میں اضافہ کے اقدامات کئے گئے تاکہ عوامی صحت اور معیار زندگی بہتر بنایا جاسکے۔ عوام کیلئے پروٹین سے بھرپور غذائیں فراہم کرنے کیلئے ویجیٹرین اور نان ویجیٹرین مارکٹس ریاست بھر میں قائم کئے جارہے ہیں۔ میٹ، فش، فروٹس اور ترکاریوں کیلئے علحدہ مارکٹس رہیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی پروگراموں کے تحت شہری اور دیہی علاقوں میں صحت و صفائی پر توجہ مرکوز کی گئی جس کے لئے مرکز کی جانب سے کئی ایوارڈز حاصل ہوئے ہیں۔ کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ عوام کی تغذیہ بخش غذاؤں کے استعمال کے باعث قوت مدافعت میں اضافہ ہوا ہے جس سے کورونا پر گذشتہ ایک سال میں قابو پانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلت کیر سسٹم میں معیاری تبدیلیاںکی گئی ہیں اور حکومت تمام شہریوں کو مشن بھگیرتا کے تحت گھر گھر صاف پینے کا پانی سربراہ کررہی ہے جس کے نتیجہ میں امراض پر قابو پانے میں مدد ملی۔ کے سی آر کٹ اسکیم ماں اور بچہ کی نگہداشت کیلئے شروع کی گئی تھی جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں اور نومولود بچوں اور ان کی ماؤں کی صحت کا تحفظ ممکن ہوسکا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کلیان لکشمی اسکیم پر عمل آوری کے نتیجہ میں چائیلڈ میریج رجحان میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کیسس میں اضافہ کے پیش نظر عوام کو چاہیئے کہ وہ اپنے اطراف و اکناف کے ماحول کو پاک صاف رکھیں اور تغذیہ بخش غذاؤں کے استعمال کے ذریعہ اپنی قوت مدافعت میں اضافہ کریں۔ انہوں نے کورونا قواعد پر سختی سے عمل آوری کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم صحت کے موقع پر ہمیں کورونا پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کا عہد کرنا چاہیئے۔