حیدرآباد،22اکتوبر(سیاست نیوز)تلنگانہ میں بلدیات کے انتخابات کے انعقاد کے لئے ہائی کورٹ نے ہری جھنڈی دکھادی ہے ۔عدالت نے بلدی انتخابات کے خلاف داخل کردہ عرضیوں کو کالعدم قراردیا۔نرمل سے تعلق رکھنے والے کے انجو کمار ریڈی اور ملکاجگری ضلع کے میڑچل سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ایس ملاریڈی نے یہ عرضیاں داخل کی تھیں اور عدالت سے خواہش کی تھی کہ وہ ریاست میں بلدیات کے انتخابات کے اعلامیہ پر روک لگائے ۔انہوں نے اپنی عرضیوں میں زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ میونسپل ایکٹ کے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریاستی حکومت ماقبل انتخابات کے عمل کو انجام دے رہی ہے ۔عدالت کے اس فیصلہ کے بعد ریاست میں بلدی انتخابات کی راہ ہموار ہوگئی ہے اور ریاستی الیکشن کمیشن امکان ہے کہ نومبر کے پہلے ہفتہ میں بلدیات کے انتخابات کے لئے اعلامیہ جاری کرے ۔ یہ انتخابات جاریہ سال جون میں ہونے والے تھے تاہم عدالت میں مقدمات کے زیرالتوا ہونے کے سبب ان کے انعقاد میں تاخیر ہوئی۔