مزید درخواستوں کی منظوری کی مساعی، چیرمین بورڈ الحاج محمد سلیم کا خطاب
حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج 20 شیعہ ائمہ مؤذنین کو ماہانہ اعزازیہ کے چیکس حوالے کئے۔ وقف بورڈ کے دفتر میں ارکان نثار حسین حیدر آقا اور ذاکر حسین جاوید کی موجودگی میں یہ چیکس تقسیم کئے گئے۔ شیعہ طبقہ کے ائمہ و مؤذنین کیلئے ماہانہ اعزازیہ کی منظوری پر صدرنشین محمد سلیم سے اظہارتشکر کیا گیا۔ حکومت کی اسکیم کے تحت ماہانہ 5 ہزار روپئے اعزازیہ دیا جائے گا۔ محمد سلیم نے کہا کہ آئندہ ماہ سے اعزازیہ کی رقم راست طور پر ائمہ مؤذنین کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت داخل کردہ تمام درخواستوں کی منظوری کیلئے مساعی کی جارہی ہے۔ حکومت نے 10 ہزار درخواستوں کی منظوری دی ہے۔ لہٰذا مزید 4 تا 5 ہزار درخواستوں کے حکومت سے اجازت حاصل کی جارہی ہے تاکہ درکار بجٹ جاری ہو۔ شیعہ علماء نے محمد سلیم کی ستائش کی اور کہا کہ اوقافی جائیددادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں مساعی قابل قدر ہے۔ صدرنشین نے کہا کہ حکومت وقف جائیدادوں کے تحفظ میں سنجیدہ ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی میں کئے گئے وعدہ کے مطابق جی او جاری کیا ہے تاکہ وقف اراضیات اور جائیدادوں کے رجسٹریشن کو روکا جائے۔