تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ کا اجلاس

   

حیدرآباد۔3۔ستمبر ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کا اجلاس 6 ستمبر کو منعقد ہوگا ۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اس اجلاس کے سلسلہ میں کہا جارہا ہے کہ ریاستی اسمبلی انتخابات کے شیڈول کی اجرائی سے قبل وقف بورڈ کا یہ آخری اجلاس ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے اجلاس کے سلسلہ میں ارکان بورڈ کو مطلع کردیاگیا ہے اور اس اجلاس کے دوران عدالت میں جاری مقدمات کے موقف کے متعلق تبادلہ خیال کے علاوہ جن مقدمات کی پیروی میں بورڈ کے وکلاء کو ناکامی ہوئی ہے ان کا جائزہ لیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ اس اجلاس میں ملازمین کی حد عمر کے متعلق بھی بورڈ کے ارکان تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس میں اضافہ کے سلسلہ میں فیصلہ کرسکتے ہیں۔ 6ستمبر کو منعقد ہونے والے اجلاس میں متولیان کے زیر التواء مسائل کے علاوہ دیگر امور کو بھی قطعیت دی جائے گی۔