تلنگانہ اقلیتی کمیشن ایکٹ میں ترمیمات کی سفارش

   

کمیشن کا اجلاس ، پاسٹرس کو ائمہ و موذنین کے مماثل تنخواہوں کی تجویز

حیدرآباد۔/30نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدرنشین محمد قمر الدین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ نائب صدرنشین بی شنکر لوکے اور ارکان محمد ارشد علی خاں، بی کٹیا ، ڈاکٹر ودیا شرونتی، جی نوریا، سریندر سنگھ اور ایم اے عظیم کے علاوہ مشیر ریاض الدین اور سکریٹری کمیشن ہریش چندر ساہو نے شرکت کی۔ صدرنشین کمیشن نے اجلاس کو بتایاکہ کرناٹک اقلیتی کمیشن کی نظیر حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹیز کمیشن ایکٹ میں 4 ترمیمات کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ جین طبقہ کو اقلیتی کمیشن کے دائرہ کار میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی۔ یہ تجاویز حکومت کو روانہ کی جائیں گی تاکہ حکومت اسمبلی میں قانونی شکل دے سکے۔ اجلاس نے 5 ڈسمبر کو یوم اقلیت منانے کا متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے جس میں اقلیتی طبقات کی اہم شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔ نائب صدر نشین شنکر لوکے اور ارکان نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے کئی جی اوز جاری کئے جاتے ہیں لیکن انہیں اقلیتی کمیشن کو روانہ نہیں کیا جاتا جس کے نتیجہ میں کمیشن کے ارکان حکومت کی اسکیمات اور پالیسیوں سے لاعلم ہیں۔ اس سلسلہ میں حکومت کو مکتوب روانہ کرنے صدرنشین سے خواہش کی گئی۔ حکومت کے احکامات پر عمل آوری کا جائزہ لینے کیلئے 11 جنوری کو ڈائرکٹر اقلیتی بہبود اور منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کے علاوہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے سکریٹری کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شنکرلوکے اور ارکان نے پاسٹر ست نارائن ریڈی کے قتل کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ پولیس نے خاطیوں کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا ہے۔ اس سلسلہ میں کمشنر کو مکتوب روانہ کرنے صدر نشین سے خواہش کی گئی۔ سریندر سنگھ نے گردواروں کے گرنتھیوں کو ائمہ و موذنین کے مماثل تنخواہوں کی ادائیگی کی سفارش کی۔ ارکان نے تجویز پیش کی کہ ڈرائیور امپاورمنٹ پروگرام برائے خواتین پر اقلیتی کمیشن کے ذریعہ عمل کیا جائے جس کے تحت اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے اشتراک سے خواتین کو سوئفٹ ڈیزائر گاڑیاں فراہم کی جائیں۔