تنخواہوں میں کٹوتی کی سفارش کا حکومت جائزہ لے گی، ڈاکٹر کیشو راؤ کی وضاحت
حیدرآباد ۔4 ۔ مارچ (سیاست نیوز) حکومت کے مشیر برائے عوامی امور ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے تلنگانہ ایجوکیشن کمیشن کی رپورٹ پر اپوزیشن کے اعتراضات کو مسترد کردیا ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر کیشو راؤ نے کہا کہ ایجوکیشن کمیشن کی رپورٹ کے بارے میں اپوزیشن جان بوجھ کر الزام تراشی کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن نے مختلف شعبہ جات کے ماہرین سے مشاورت کے بعد رپورٹ تیار کی ہے جو حکومت کو پیش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن کمیشن کی رپورٹ پر عمل کیا جائے گا۔ کیشو راؤ نے کہا کہ اپوزیشن حقائق جانے بغیر ہی رپورٹ کو نشانہ بنارہی ہے ۔ ٹیچرس کی تنخواہوں سے متعلق تنازعہ کا جواب دیتے ہوئے کیشو راؤ نے کہا کہ حکومت طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو کسی بھی نقصان سے بچانے کیلئے اساتذہ کی خدمات کی اہمیت سے اچھی طرح واقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچرس کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی اور ٹیچرس کی تنخواہوں کے مسئلہ کا حکومت گہرائی سے جائزہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن کمیشن میں ماہرین تعلیم کی عدم موجودگی سے متعلق اپوزیشن کے اعتراضات کو مسترد کردیا۔ واضح رہے کہ ایجوکیشن کمیشن کے صدرنشین اے مرلی کی قیادت میں حکومت کو رپورٹ پیش کی گئی ہے جس پر مختلف گوشوں سے اعتراضات کئے جارہے ہیں۔ اپوزیشن اور ٹیچرس کی تنظیموں نے بعض سفارشات پر اعتراض جتایا ہے۔ ڈاکٹر کیشو راؤ نے واضح کیا کہ طلبہ اور اساتذہ کے مجموعی مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت فیصلہ کرے گی۔1