سی اے اے کے خلاف قرار داد کی منظوری متوقع ، 9 مارچ کو بجٹ کی پیشکشی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ بجٹ سیشن کا 6 مارچ سے آغاز ہورہا ہے ۔ توقع ہے کہ اسی سیشن کے دوران شہریت ترمیمی قانون ( سی اے اے ) کے خلاف قرار داد منظور کی جائے گی ۔ 16 فروری کو ریاستی کابینہ نے سی اے اے کو برخاست کرنے کا مرکز پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ریاستی حکومت سی اے اے کے خلاف قرار داد منظور کرے گی ۔ ریاستی کابینہ نے مرکزی حکومت پر یہ بھی زور دیا تھا کہ وہ مذہب کی بنیاد پر شہریوں کے ساتھ امتیازی رویہ اختیار نہ کرے ۔ تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی کے ساتھ تلنگانہ ریاستی قانون ساز کونسل کا بھی اجلاس 6 مارچ سے انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں گورنر ریاست تلنگانہ ڈاکٹر تمل سائی سوندرا راجن نے آج اعلامیہ جاری کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 6 مارچ کو 11 بجے دن اسمبلی و کونسل کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوگا ۔ اور اس مشترکہ اجلاس سے گورنر ریاست تلنگانہ ڈاکٹر تمل سائی سوندرا راجن خطاب کریں گی ۔ اسمبلی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ 7 مارچ کو گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر پیش کرنے کے بعد مباحث ہوں گے اور توقع ہے کہ 9 مارچ کو ریاستی اسمبلی میں سالانہ بجٹ پیش کیا جائے گا ۔۔