ڈائرکٹر اسٹیٹ میونسپل اڈمنسٹریشن سری دیوی کا اعلان
حیدرآباد ۔ 5 جنوری ۔ ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ میں جاریہ ماہ 22 جنوری کو منعقد ہونے والے مجوزہ بلدی انتخابات کیلئے ریاست کے میونسپل کارپوریشن میئروں اور میونسپل کونسلروں کے صدورنشین کے تحفظات کو قطعیت دی گئی ہے ۔ ڈائرکٹر ریاستی بلدی نظم و نسق شریمتی سری دیوی نے آج میونسپل کارپوریشن کے تحفظات سے متعلق تفصیلات کا اعلان کیا۔ اس طرح ریاست تلنگانہ میں پائے جانے والے (13) میونسپل کارپوریشنوں کیلئے کئے گئے تحفظات کی روشنی میں ایس ٹی طبقہ کیلئے ایک ، ایس سی طبقہ کیلئے ایک ، بی سی طبقہ کیلئے چار ، جنرل (4) قرار دیئے گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ میرپیٹ میونسپل کارپوریشن میئر عہدہ ایس ٹی طبقہ کیلئے قرار دیا گیا اس طرح راماگنڈم میونسپل کارپوریشن میئر عہدہ ایس سی طبقہ کیلئے قرار دیا گیا ۔ جواہر نگر میونسپل کارپوریشن بنڈلہ گوڑہ میونسپل کارپوریشن ، نظام آباد میونسپل کارپوریشن میئر کے عہدے بی سی طبقات کیلئے قرار دیئے گئے ہیں۔ ریاستی ڈائرکٹر بلدی نظم و نسق شریمتی سری دیوی نے ریاست کی میونسپل کونسلوں کے صدورنشین عہدوں کیلئے کئے گئے تحفظات کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاست میں پائی جانے والی جملہ (128) میونسپل کونسلوں کے منجملہ جڑچرلہ میونسپل کونسل ، نکریکل میونسپل کونسل کی ابھی میعاد باقی رہنے اور مختلف وجوہات کی وجہ سے یالونچہ میونسپل کونسل ، مندامری میونسپل کونسل ، منگورو میونسپل کونسل کیلئے تحفظات کا اعلان نہیں کیا جارہا ہے جبکہ (123) میونسپل کونسلوں کے صدورنشین عہدوں کیلئے تحفظات کو قطعیت دی گئی ہے جن میں چار صدورنشین میونسپل کونسلس عہدے ایس ٹی طبقہ کیلئے (17) صدورنشین میونسپل کونسلوں کے عہدے ایس سی طبقہ کیلئے ، (40) میونسپل کونسلوں کے صدورنشین عہدے بی سی طبقہ ، (62) میونسپل کونسلوں کے صدورنشین عہدے جنرل زمرہ کیلئے قرار دیئے گئے ۔ انھوں نے مزید بتایا کہ اس طرح تحفظات (50) فیصد سے زاید نہ ہونے (تجاویز نہ ہونے ) کیلئے اقدامات کرتے ہوئے (50) فیصد تک ہی تحفظات فراہم کئے گئے ہیں۔ اس طرح ریاست تلنگانہ میں بلدیات سے متعلق مرتب قوانین کی روشنی میں یہی تحفظات 22 جنوری کو منعقد ہونے والے مجوزہ انتخابات کے بعد آئندہ انتخابات کیلئے قابل عمل ( برقرار ) رہیں گے ۔