تلنگانہ بھر میں 5 دن تک شدید بارش کا امکان

,

   

حیدرآباد۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ منگل کو ہوئی طوفانی بارش کے بعد اس کا سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے اور ہفتے ہی سے آئندہ پانچ دن تک سارے تلنگانہ میں شدید بارش کے امکانات ہیں۔ گرج چمک اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ محکمہ نے کہا کہ گرج چمک اور ہوائیں سارے تلنگانہ میں پیر تک جاری رہ سکتی ہیں اور 20 اور 21 اکٹوبر کو اس میں مزید شدت آسکتی ہے ۔ جنوبی تلنگانہ کے اضلاع میں شدید بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔ گذشتہ اتوار کو شدید بارش کے بعد پیر موسم بہتر تھا تاہم منگل کو طوفانی اور موسلادھار بارش نے ساری ریاست کو عملا جل تھل کردیا تھا ۔ اس بارش کے نتیجہ میں حیدرآباد شہر بھی عملا پانی میں محصور ہوگیا تھا ۔ مکانات وغیرہ منہدم ہوگئے تھے ۔ لوگ پانی میں بہہ گئے تھے ۔ سینکڑوں کالونیاں اور بستیاں زیر آب آگئی تھیں۔ چہارشنبہ سے بارش تھم گئی تھی اور کہیں بھی تیز بارش نہیں ہوئی ۔ تاہم اب محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی کہ آئندہ پانچ دن تلنگانہ کے مختلف اضلاع میںشدید بارش ہوسکتی ہیں اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔