معذوروں میں وہیل چیر کی تقسیم ، وزراء اور قائدین نے شجرکاری میں حصہ لیا
حیدرآباد ۔17۔ فروری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی سالگرہ تقاریب بڑے پیمانہ پر منعقدکی گئی۔ گورنمنٹ وہپ بی سمن اور رکن کونسل ایم سرینواس ریڈی نے تلنگانہ بھون کے احاطہ میں شجرکاری میں حصہ لیا اور کیک کاٹا۔ اس موقع پر معذور افراد نے وہیل چیر اور غریبوں میں کپڑے تقسیم کئے گئے ۔ سرینواس ریڈی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں کے مسیحا کے سی آر کی سالگرہ کے موقع پر تلنگانہ کے عوام خوشیاں منارہے ہیں۔ سماج کے تمام طبقات کی ترقی کے سی آر کا اہم مقصد ہے ۔ ہر کسی کی زبان پر کے سی آر کی درازی عمر کی دعا ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ نہ صرف تلنگانہ بلکہ ملک کے لئے کے سی آر کی خدمات کی ضرورت ہے۔ کے سی آر نے تلنگانہ کو ملک کے لئے رول ماڈل بنادیا ہے۔ تلنگانہ میں ترقی اور فلاحی اسکیمات کی مثال کسی اور ریاست میں نہیں ملے گی۔ بی سمن نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کے لئے کے سی آر تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ سر سبز و شاداب ماحول اور آلودگی سے پاک فضاء کے لئے ہریتا ہارم پروگرام کا آغاز کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی رہنمائی میں ریاستی وزیر کے ٹی آر عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ کے ٹی آر کے سبب پارٹی کیڈر میں غیر معمولی جوش و خروش ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے نظریہ کے عین مطابق رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار نے شجرکاری کے لئے گرین چیلنج مہم شروع کی ہے۔ معذوروں کی فیڈریشن کے صدرنشین واسو دیو ریڈی ، ٹی آر ایس کے ریاستی قائدین کیشو راؤ ، ستیش ریڈی اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔ ریاستی وزراء نے اپنی اپنی قیامگاہوں پر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار جنہوں نے شجرکاری کے سلسلہ میں گرین چیلنج مہم کا آغاز کیا ہے۔ ریاسی وزیر سرینواس یادو کے ہمراہ شجرکار میں حصہ لیا۔ انہوں نے پودا لگایا اور پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔