تلنگانہ بی سی کمیشن کی سہ روزہ سماعت مکمل ،26 ذ یلی طبقات کو بی سی زمرہ میں شامل کرنے کا جائزہ

   

حیدرآباد ۔ 11۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ بی سی کمیشن نے عوامی سماعت کے آج تیسرے اور آخری دن پسماندہ طبقات میں ذیلی طبقات کی شمولیت کے مسئلہ پر تنظیموں اور انفرادی نمائندگیاں وصول کیں۔ صدرنشین بی سی کمیشن جی نرنجن کے علاوہ ارکان آر جیہ پرکاش ، ڈی سریندر ، شریمتی بالا لکشمی اور دوسروں نے حصہ لیا ۔ بی سی طبقات میں 26 ذیلی طبقات کو دوبارہ شامل کرنے کیلئے کمیشن سے نمائندگی کی گئی ہے ۔ ریاست کی تشکیل کے بعد 26 ذیلی طبقات کو بی سی زمرہ سے علحدہ کردیا گیا تھا ۔ گزشتہ تین دنوں میں 133 نمائندگیاں موصول ہوئیں جن میں ذیلی طبقات میں دوبارہ بی سی زمرہ کا مطالبہ کیا ہے۔ آندھراپردیش میں امودالا ولسا اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے کے روی کمار نے کالنگا طبقہ کی جانب سے کمیشن نے نمائندگی کی۔ بی سی اے گروپ سے تعلق رکھنے والے ذیلی طبقات نے 26 ذیلی طبقات کی دوبارہ شمولیت کی مخالفت کی ہے۔ جی نرنجن کے مطابق کمیشن کی جانب سے حکومت کو رپورٹ پیش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی طبقہ کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔ 1