تلنگانہ حجاج کرام کی مدینہ منورہ روانگی کا آغاز

   

تمام حجاج کرام خیریت سے،15 جولائی سے قافلوں کی واپسی
حیدرآباد۔/5جولائی، ( سیاست نیوز) فریضہ حج کی تکمیل کے بعد تلنگانہ کے حجاج کرام کے قافلوں کی مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ روانگی کا آغاز ہوچکا ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے بتایا کہ حجاج کرام کا پہلا قافلہ آج شام مدینہ منورہ پہنچ گیا جہاں ایک ہفتہ تک قیام کرتے ہوئے 40 نمازیں ادا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 15 جولائی سے حجاج کرام کی وطن واپسی کا آغاز ہوگا۔ روزانہ 3 فلائیٹس کے حساب سے مکہ مکرمہ سے روزانہ تین قافلے مدینہ منورہ روانہ ہوں گے۔ خادم الحجاج نے بتایا کہ تلنگانہ کے تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں اور وہ مدینہ منورہ روانگی کے منتظر ہیں۔ واضح رہے کہ حجاج کرام کی واپسی کا15 جولائی کو آغاز ہوگا اور آخری قافلہ 30 جولائی کو مدینہ منورہ سے حیدرآباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پہنچے گا۔ جاریہ سال تلنگانہ حج کمیٹی سے 5583 حجاج کرام کی روانگی عمل میں آئی تھی۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے جملہ 7040 عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوئے تھے جن میں کرناٹک، مہاراشٹرا، آندھرا پردیش، بہار، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ اور ٹاملناڈو کے بعض علاقوں سے تعلق رکھنے والے عازمین شامل ہیں۔ر