تلنگانہ حج کیمپ کا آغاز ، پہلے قافلہ کے عازمین کی آمد

,

   

کل صبح پہلی پرواز،26 جولائی سے مزید قافلوں کی روانگی عمل میں آئے گی

حیدرآباد۔16 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حج 2019 ء کا پہلا قافلہ 18 جولائی کو صبح 7.20 بجے حیدرآباد ایرپورٹ سے مدینہ منورہ روانہ ہوگا۔ قافلہ کے عازمین حج کی حج ہاؤز نامپلی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ اس طرح تلنگانہ حج کیمپ کا کل سے باقاعدہ آغاز ہوجائیگا۔ پہلے قافلہ میں کرناٹک کے 420 عازمین حج روانہ ہوں گے ۔ ایر انڈیا کی یہ پرواز مین ٹرمنل سے روانہ ہوگی۔ پہلے قافلہ کی روانگی کے ایک ہفتہ بعد یعنی 26 جولائی سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین کی روانگی شروع ہوگی۔ 22 قافلوں میں 4 اگست تک 8,000 سے زائد عازمین جدہ روانہ ہوں گے ۔ جاریہ سال عازمین کیلئے حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے ایر انڈیا کی خدمات فراہم کی گئی ہے۔ اسی دوران حج ٹرمنل پر انتظامات کا جائزہ لینے حکومت اور حج کمیٹی کے عہدیداروں نے دورہ کیا۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں ، صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں ، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم ، اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ ، حج کمیٹی ارکان نے ٹرمنل انتظامات کا جائزہ لیا۔ جی ایم آر ، ایر انڈیا کسٹمس ، ایمگریشن اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے انتظامات کی تفصیلات بتائیں۔ ٹرمنل کے انتظامات آخری مراحل میں ہے۔ حکومت کے مشیر اے کے خاں نے بتایا کہ گزشتہ برسوں کی طرح جاریہ سال بھی عازمین حج کیلئے بہتر انتظامات کو قطعیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ اور حج ٹرمنل دونوں مقامات پر عازمین حج کیلئے تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ حج کیمپ میں قیام اور طعام کا انتظام رہے گا۔ حج ٹرمنل کے معائنہ کے بعد اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ نے حج کیمپ نامپلی کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ 95 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور عازمین حج کی آمد سے قبل انتظامات مکمل کرلئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلی فلائیٹ کے عازمین کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔ شفیع اللہ نے حج کیمپ میں موجود بعض عازمین حج سے ملاقات کرتے ہوئے دعاوؤں کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمہ جات بہتر تال میل کے ذریعہ کام کر رہے ہیں۔ بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے زیادہ چوکسی اختیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو ایرپورٹ منتقل کرنے ایر کنڈیشنڈ بسیں حاصل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ جاریہ سال کا حج کیمپ گزشتہ برسوں کی طرح کامیاب رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ میں والینٹرس عازمین حج کی رہنمائی کریں گے ۔ تمام سرکاری امور کی کیمپ میں تکمیل کے بعد عازمین کو حج ٹرمنل منتقل کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ کرناٹک ومہاراشٹرا کے بعض اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین کی روانگی بھی حیدرآباد سے ہوگی۔ 18 جولائی کو روانہ ہونے والا پہلا قافلہ جدہ سے 31 اگست کو حیدرآباد واپس ہوگا جبکہ باقی قافلے 6 ستمبر تا 15 ستمبر مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوں گے۔