اندرا پارک پر آج احتجاج کی تائید، اسمبلی کے احاطہ میں معذورین سے ملاقات
حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ میں معذورین کے مسائل کی یکسوئی کے لئے کل 25 مارچ کو اندرا پارک پر ہونے والے احتجاج کی تائید کا اعلان کیا۔ معذورین کی بھلائی سے متعلق کارپوریشن کے سابق صدرنشین ڈاکٹر کے ٹی ریڈی واسودیو ریڈی کی قیادت میں معذورین کے ایک وفد نے آج تلنگانہ اسمبلی کے احاطہ میں کے ٹی آر سے ملاقات کی اور کانگریس حکومت کی جانب سے معذورین سے کئے گئے وعدوں کو نظرانداز کرنے کی شکایت کی۔ کانگریس نے اندرون 100 دن 6000 روپئے پنشن کا وعدہ کیا تھا۔ 2 سال گزرنے کے باوجود وعدے کی تکمیل نہیں کی گئی۔ کے ٹی آر نے اندرا پارک پر کل زنجیری بھوک ہڑتال کی تائید کی اور حکومت سے مطالبہ کیاکہ معذورین سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جائے۔ بی آر ایس کے سابق رکن قانون ساز کونسل الحاج محمد سلیم اور دیگر ارکان اسمبلی اِس موقع پر موجود تھے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں کانگریس حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ ریاست میں تمام طبقات حکومت سے پریشان ہیں اور دن بہ دن مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سیاسی مقصد براری کے لئے ہر طبقہ سے ناقابل عمل وعدے کئے گئے۔ معذورین کو 6 ہزار روپئے پنشن اور آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کا وعدہ آج تک پورا نہیں ہوا۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں معذورین کو پابندی کے ساتھ پنشن ادا کیا جاتا رہا لیکن کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد پنشن کی اجرائی مسدود ہوچکی ہے۔ کے ٹی آر نے معذورین کے احتجاج کی تائید کا اعلان کیا۔1