تلنگانہ حکومت کورونا کیسس کی حقیقی تعداد چھپا رہی ہے

   

ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کی ضرورت ، تیسری لہر سے نمٹنے کانگریس پارٹی کا مطالبہ
حیدرآباد۔6۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے ٹسٹوںکی تعداد میں اضافہ کا مطالبہ کیا تاکہ کورونا کیسس کی حقیقی تعداد کا پتہ چلایا جاسکے۔ پارٹی نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر کا آغاز ہوچکا ہے اور تلنگانہ بھی بری طرح زد میں ہے ، لہذا حکومت کو ٹسٹنگ اور مریضوں کے علاج کے سلسلہ میں جنگی خطوط پر حکمت عملی تیار کرنی چاہئے ۔ حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین سمیر ولی اللہ نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ میں تلنگانہ میں کورونا کیسس میں 5 گنا اضافہ ہوچکا ہے لیکن ریاستی حکومت صورتحال سے نمٹنے کے بارے میں منصوبہ بندی سے محروم ہے۔ ریاست میں کورونا ٹسٹوں کی تعداد انتہائی کم ہے جبکہ سابق میں روزانہ ایک لاکھ ٹسٹ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے 7 ڈسمبر کو اعلان کیا تھا کہ روزانہ ایک لاکھ ٹسٹ کئے جائیں گے لیکن ٹسٹوں کی تعداد 30 تا 35 ہزار ہے۔ کانگریس قائد نے کہا کہ حکومت کورونا کیسس اور اموات کی تعداد کو شروع سے کم ظاہر کر رہی ہے۔ حقیقی تعداد کو مخفی رکھتے ہوئے صورتحال کو قابو میں بتایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ میں کیسس کی تعداد میں جس طرح اضافہ ہوا ، وہ تیسری لہر کے آغاز اشارہ ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ کووڈ قواعد پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے ماسک کے عدم استعمال پر چالانات کئے جارہے ہیں جبکہ حکومت کو عوام نے شعور بیداری کے علاوہ مفت میں ماسک تقسیم کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلی اور دوسری لہر کے تجربات کو دیکھتے ہوئے حکومت کو منصوبہ بندی کے ساتھ صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات کرنے چاہئے تاکہ جانی نقصانات کو کم کیا جاسکے۔ ر