تلنگانہ راشن ڈیلرس نے چاول کی تقسیم روکنے کی دھمکی دی

   

کورونا سے 70 ڈیلرس کی موت، حکومت سے امداد کا مطالبہ
حیدرآباد: تلنگانہ کے راشن ڈیلرس نے مطالبات کی عدم تکمیل کی صورت میں چاول کی تقسیم کو روکنے کی دھمکی دی ہے ۔ حکومت کی جانب سے وائیٹ راشن کارڈ ہولڈرس کو کورونا کی امداد کے طور پر 5 کیلو چاول سربراہ کیا جارہا ہے ۔ راشن ڈیلرس نے کہا کہ ان کے دیرینہ مطالبات کی تکمیل نہیں کی گئی تو یکم جون سے چاول کی سربراہی کو روک دیا جائے گا ۔ سیول سپلائیز کمشنر وی انیل کمار کو اس سلسلہ میں ایک یادداشت پیش کی گئی ہے ۔ راشن ڈیلرس نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دیا جانے والا کمیشن انتہائی ناکافی ہے۔ ڈیلرس نے بتایا کہ کورونا سے متاثر ہوکر تقریباً 70 ڈیلرس کی موت واقع ہوئی ہے ۔ لیکن ریاستی حکومت نے پسماندگان کیلئے کوئی امداد نہیں دی اور نہ ہی ڈیلرس کو فرنٹ لائین واریئرس کے طور پر تسلیم کیا ۔ انہوں نے فوت ہونے والے ڈیلرس کے پسماندگان کو فی کس 50 لاکھ روپئے امداد کا مطالبہ کیا ۔ محکمہ سیول سپلائیز کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مطالبات پر حکومت جلد فیصلہ کرے گی ۔ مطالبات کی تفصیلات چیف سکریٹری سومیش کمار کو روانہ کردی گئیں۔ ہر ماہ راشن شاپس کے ذریعہ 87 لاکھ کارڈ ہولڈرس کو ایک روپیہ فی کیلو کے حساب سے 1.75 لاکھ میٹرک ٹن چاول سربراہ کیا جاتا ہے۔