تلنگانہ ریاست مقروض، مالیاتی اداروں کے پاس رہن

   

چیف منسٹر کے سی آر پر صدر تلنگانہ بی جے پی ڈاکٹر لکشمن کا بیان

حیدرآباد 5 جنوری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ ریاستی بی جے پی ڈاکٹر کے لکشمن نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی طرز کارکردگی کو ہدف ملامت بنایا اور کہاکہ فاضل بجٹ رکھنے والی ریاست تلنگانہ کو قرض سے دوچار کرکے ریاست کو مالیاتی اداروں کے ہاں رہن رکھ دیا۔ ڈاکٹر لکشمن نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر پر الزام عائد کیاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ جدوجہد کے موقع پر ایک لاکھ بے روزگار نوجوانوں کو تلنگانہ ریاست تشکیل پانے کے فوری بعد روزگار کے موقع فراہم کرنے کا وعدہ کرکے اقتدار حاصل کرکے اقتدار حاصل کرنے کے ساتھ ہی وعدہ خلافی کرکے بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دیا اور کہاکہ ریاست میں ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے فارم ہاؤز کو پانی اور بھاری رقومات حاصل ہوئے اور ان کے افراد خاندان کو عہدے حاصل ہوئے لیکن بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو آج تک ملازمتیں حاصل نہیں ہوئیں۔ انھوں نے الزام عائد کیاکہ کے چندرشیکھر راؤ الیکشن کمیشن کے ساتھ ساز باز کرکے سازش کے ذریعہ اپوزیشن کو انتخابات کے لئے تیاری کا موقع فراہم نہ کرکے سازشیں کرنا کے سی آر کی عادت بن گئی۔ صدر ریاستی بی جے پی نے چیف منسٹر کو سخت تنقید نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ قبل ازوقت اسمبلی انتخابات کی طرح ہی پنچایت انتخابات ضلع پریشد انتخابات منعقد کروانے کی سازش کی اور اسی طرح اب بھی قبل ازوقت ہی میونسپل انتخابات منعقد کروانے کا شیڈول جاری کروادیا اور میونسپل انتخابات میں کسی بھی طرح کامیابی حاصل کرنے کے مقصد سے ہی انتخابات کروائے جارہے ہیں اسی لئے قبل ازوقت قطعی فہرست رائے دہندگان مرتب کرے بغیر عین موقع پر فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دلاکر اعلان کیا اور ریزرویشن کو بھی قطعیت نہ دیتے ہوئے انتخابی شیڈول کو جاری کروایا گیا۔ انھوں نے کہاکہ یہ تمام اقدامات چیف منسٹر اور ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے ہی کئے جارہے ہیں۔